قائد اعظم کی زندگی نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہے ، مسلم لیگ (ق) ہی پاکستان کی حقیقی وارث جماعت ہے،سید بلال مصطفی

اتوار 25 دسمبر 2016 18:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 دسمبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما اور یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ قائد اعظم کی زندگی نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہے ، مسلم لیگ قائداعظم ہی پاکستان کی حقیقی وارث جماعت ہیں اور ہم چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہٰی کی قیادت میں پاکستان کو مستحکم اور منظم کررہے ہیں ۔

موجودہ حالات میں مسلم لیگ یو تھ ونگ کے نوجوان امن کے پیامبربن کر گلی محلے تک مسلم لیگ کا پیغام محبت پہنچائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی یوم ولادت کے موقع پر مسلم لیگ یوتھ ونگ کی جانب سے منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکز ی سیکرٹری جنرل ملک شکیل سکندر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا کہ مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت ہے اور ہم بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے نظریات کے وارث ہیںاس حوالہ سے ہم یوتھ ونگ کے پلیٹ فارم سے قائداعظم کے نظریات اور ان کے زریں اصولوں ایمان، اتحاد اور تنظیم پر عمل پیرا ہوکرملک کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری جنرل ملک شکیل سکندر نے کہا کہ یوتھ ونگ کے نوجوانوںکی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوان نسل کو قائداعظم کے افکار اور کارناموں سے روشناس کروائیں۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ کے نوجوانوں کا کردارمثالی ہو نا چاہیئے ۔ مسلم لیگ کا نوجوان ملکی سا لمیت ، بقاء اور پارٹی کی رگوں میں دوڑتے ہو ئے خون کی مترادف ہے ۔

نوجوان کارکن ہی پارٹی کا پیغام گلی محلے اور عام عوام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کر تا ہے۔موجودہ دور میں قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر تمام بحرانوں سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے ۔ ہم یوتھ ونگ کے پلیٹ فارم سے قائداعظم کے نظریات اور ان کے زریں اصولوں ایمان، اتحاد اور تنظیم پر عمل پیرا ہوکرملک کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہیں۔اور نوجوان نسل کو قائداعظم کے افکار اور کارناموں سے روشناس کروائیںگے۔