سردیوں کے باوجود بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ جاری،حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوگئی، صابرحسین اعوان

اتوار 25 دسمبر 2016 18:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 دسمبر2016ء) امیرجماعت اسلامی ضلع پشاور وسابق ممبرقومی اسمبلی صابرحسین اعوان نے کہاہے کہ موسم سرماکے باوجود پشاور میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کادورانیہ10سی12گھنٹوں اور دیہتی علاقوں میں اٹھارہ ، بیس گھنٹوں تک پہنچ چکا ہے۔شارٹ فال میں ساڑھے تین ہزارمیگاواٹ کافرق آنے سے عوام کی مشکلات میں ایک مرتبہ پھرسے اضافہ ہوگیا ہے۔

رہی سہی کسر گیس کی بندش نے پوری کردی ہے۔پشاورسمیت صوبہ بھر میں گیس کی دستیابی کمیاب ہوچکی ہے۔حکومت وقت دونوں بحرانوں کوجلد حل کرکے عوام کوریلیف فراہم کرے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنی رہائشگاہ پر وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔وفود سے بات چیت کرتے ہوئے صابرحسین اعوان نے کہاکہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے قدرتی وسائل سے نوازاہے۔

(جاری ہے)

دنیامیں وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جن کے عوام خوشحال ہوں۔چین،ملائیشیا،ترکی،جاپان،کوریا جیسے ممالک کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں مگر بدقسمتی سے ہمارے ہاں معاملہ الٹ ہے۔دولت چند ہاتھوں تک محدودہوکر رہ گئی ہے۔غریبوں کودرپیش مسائل کے حل سے کسی کوکوئی غرض نہیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے وزیر،مشیر2017میں توانائی بحران کے خاتمے کی نوید سنارہے ہیں۔

انہوںنے مزیدکہاکہ وزارت پانی وبجلی اور اس کے اداروں میں اربوں روپے کی بے قاعدگیوں نی20کروڑ عوام کوتشویش میں مبتلاء کردیا ہے۔ایک طرف عوام کو بجلی میسرنہیںاور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کاجینا محال کردیاہے تودوسری جانب متعلقہ اداروں میں کرپٹ عناصر کی داستانیں زبان زدعام ہیں۔وزیر اعظم کرپشن کے مکمل خاتمے کے حوالے سے عوام سے کئے گئے اپنے وعدے کوپوراکریں۔ملک سے کرپشن کاقلع قمع کئے بغیر اہداف حاصل نہیں کئے جاسکتے۔