تحریک آزادی میں نوجوانوں کا کردار کلیدی ہے، ملک ابرار

اتوار 25 دسمبر 2016 17:40

راولپنڈی۔25 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2016ء)ایم این اے ملک ابراراحمد نے کہا ہے کہ قیام پاکستان کی جدوجہد تحریک آزادی میں مسلم لیگ کے نوجوانوں کا کلیدی کردار رہا ہے‘ بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح ؒ نے نوجوانوں کو مسلم لیگ کاہراول دستہ قراردیا تھا‘ آج بھی وہی سیاسی جماعتیں مضبوط سمجھی جاتی ہیں جس میں شامل نوجوان پوری طرح متحرک ہوں اور ملک و قوم کیلئے کچھ کرگزرنے کا جذبہ رکھتے ہوں‘ ن لیگ یوتھ ونگ کے نوجوان پارٹی کا سرمایہ ہیں ان کو پہلے بھی ساتھ لیکر چلتے رہے ہیں آئندہ بھی ساتھ لیکر چلیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے یوتھ ونگ راولپنڈی کینٹ کے زیراہتمام بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح ؒ اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی سالگرہ کی خوشی میں کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،تقریب میں ممبر کینٹ بورڈ رشید احمدخان،مسلم لیگ ن یوتھ ونگ وارڈنمبر8راولپنڈی کینٹ کے صدرسید عمرفاروق،یوتھ ونگ کے رہنمائوں راجہ محسن،چوہدری بلال،ملک ساجد،چوہدری نور،رانا کامران،ملک گلزار حسن ودیگر نے شرکت کی۔