راولپنڈی و چکلالہ کینٹ میں تجاوزات بدستور قائم ،شہری پریشان

اتوار 25 دسمبر 2016 17:40

ْ راولپنڈی۔25 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2016ء)کنٹونمنٹ بورڈ کی انسداد تجاوزات مہم کے باوجود راولپنڈی و چکلالہ کینٹ کے بازارتجاوزات سے بھرے ہوئے ہیں جبکہ متعلقہ افسران حکام کو سب اچھا کی رپورٹ دینے لگے ۔کینٹ بورڈ کے عملہ کی مبینہ ملی بھگت سے پیپلز کالونی ،ٹنچ بھاٹہ ،ڈھوک سیداں روڈ ،کمال آباد چوک ،شاہ بی بی روڈ ،ڈھوک چراغ دین ،ٹاہلی موہری ،جھنڈا چیچی ،ٹاھلی موہری ،مصریال روڈ ،ڈھیری حسن آباد ،چونگی نمبر بائیس ،بکرا منڈی ،غوثیہ چوک و دیگر علاقوں میں تجاوزات کے باعث پیدل چلنا بھی محال ہو چکاہے ۔

سڑک پر گاڑیوں کی غلط پارکنگ اور ریڑھیوں کی بھرمار کے باعث ٹریفک جام معمول بن چکاہے ۔دوسری جانب متعلقہ افسران حکام کو سب اچھا کی رپورٹ دینے میں مصروف ہو گئے جبکہ ریڑھی بان اور چھابہ فروشوں کا دعوی ہے کہ وہ عملے کی مٹھی گرم کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

شہریوں اور دکانداروں نے مطالبہ کیاکہ کینٹ میں تجاوزات کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سٹیشن کمانڈر غیر اعلانیہ اچانک دورہ کریں تو صورتحال واضح ہو جائے گی ۔

شہریوں کاکہنا ہے کہ ڈھوک سیداں روڈ پر کمال آباد چوک کے قریب واقع ایک نجی کلینک کے مالک نے فٹ پاتھ پر پختہ تجاوزات کر رکھی ہیں تاھم راولپنڈی کینٹ کا عملہ چپ سادھے ہوئے ہے ۔اسی طرح راولپنڈی و چکلالہ کینٹ کے دیگر متعدد علاقوں میں انسداد تجاوزات کا عملہ واضح تجاوزات کے خلاف کارروائی سے گریزاں نظر آتا ہے یہی وجہ ہے کہ کینٹ میں ٹریفک نظام بھی تجاوزات کے باعث بری طرح متاثر ہوا ہے ۔