پاکستا ن کو قائد اعظم کے ویژن کے مطابق اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی‘ مفتی محمد نعیم

اتوار 25 دسمبر 2016 17:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2016ء) جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ پاکستا ن کو قائد اعظم کے ویژن کے مطابق اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی ،ہمیں قائد کی سادہ زندگی سے سبق حاصل کرنا چاہے،قومیت ،لسانیت ، فرقہ واریت اور صوبائیت کے نعروں کا ختم کرکے ہمیں پاکستانیت پر جمع ہونے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ بنوریہ عالمیہ میں یوم قائداعظم کے موقع پرجاری بیان میں کیا۔ مفتی محمدنعیم نے کہاکہ قائد اعظم محمد علی جناح اور برزرگوں کی انتھک محنت اور جہد مسلسل کے نتیجے میں برصغیر کے مسلمانوں کو پاکستان کے نام سے اسلامی ریاست ملی جس کا وجود عالم اسلام کیلئے ایک بڑی نعمت ہے ، قائد اعظم کا ویژن اور نعرہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا تھا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان کی بنیاد کلمہ توحید ہے دشمن اس کی طرف میلی آنکھ سے بھی نہیں دیکھ سکتے، دشمنوں سے زیادہ کرپٹ ساستدانوں نے ملک کو نقصان پہنچایا ،پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا قائد اعظم محمد علی جناح اور بزرگوں کا خواب تھا،70سال بعد بھی وہ قائد کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکا ، دشمن ہمیں اکائیوں میں تقسیم کرکے ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں مگر الحمد اللہ پاکستانی قوم کا یہ خاصہ رہاہے جب بھی کوئی مشکل پیش آتی ہے ہم متحد ہوجاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :