وفاقی جامعہ ارد و اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے درمیان معاہدہ طے پا گیا

اتوار 25 دسمبر 2016 17:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2016ء) وفاقی جامعہ ارد و اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے درمیان مفاہمتی معاہدے پر دستخط کے موقع پر ناظم صیغہ فروغِ معیار (ڈائریکٹرکوالٹی انہانسمنٹ سیل )ڈاکٹر کامران احسن نے کہا کہ اس معاہدے سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے طلبہ کو اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام سے منسلک ہوکر بین الاقوامی سطح پر رضا کار کے طور پر اپنی خدمات انجام دینے کا موقع ملے گا۔

یہ پروگرام پاکستان کی صرف 4جامعات کے لئے پیش کیا گیا ہے جس میں وفاقی جامعہ اردو بھی شامل ہے۔ ڈاکٹر کامران احسن نے مزید کہا کہ اس معاہدہ کی بدولت طلبہ نہ صرف اقوام متحدہ کے رضا کار بنیںگے بلکہ منتخب طلبہ کو47000 روپے تک ماہانہ وظیفہ بھی مل سکے گااور یہ معاہدہ خصوصاً سوشل سائنس کے طلبہ کے لئے نہایت مفید ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں تمام تفصیلات جامعہ اردو کی ویب سائٹ پر دیئے گئے لنک http://apply.unv.org.pkسے حاصل کی جاسکیں گی۔

معاہدے کے دیگر فوائد میں معلومات کا تبادلہ بھی شامل ہے جس سے جامعہ کے تعلیمی نظام اور طلبہ کے لئے میسر تعلیم ، تحقیق و تربیت کے مواقعوں کو مزید بہتر بنایا جاسکے گا۔ رجسٹرار ڈاکٹر محمد صارم نے اس موقع پرکہا کہ یہ معاہدہ بہت اہم ہے کیونکہ اس کے ذریعے نہ صرف طلبہ کو بین الاقوامی ادارے کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے گا بلکہ ان کی مجموعی شخصیت پر مثبت اثرات بھی رونما ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کی بدولت جامعہ اپنی معلومات و مشاورت کے تبادلے سے تعلیمی اور انتظامی امور کوبھی بہتر بناسکے گی۔

متعلقہ عنوان :