بی جے پی سرکار مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں کر رہی ہے،مولاناعبدالعزیزعلوی

غیر کشمیریوں کوجموں کشمیر میں آباد کرنے کی سازشیں اسی سلسلہ کی کڑی ہیں، پاکستانی قوم کشمیریوں کیساتھ اور ان کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتی ہے شام میں امریکہ و یورپ کی شہ پر نہتے مسلمانوں کا خون بہا یاجارہا ہے، پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کو متحد ہو کر قتل و غارت گری کیخلاف مضبوط آواز بلند کرنی چاہئے،امیر جماعةالدعوةآزادکشمیر

اتوار 25 دسمبر 2016 16:10

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2016ء) امیر جماعةالدعوةآزادکشمیرمولاناعبدالعزیزعلوی نے کہا ہے کہ بی جے پی سرکار مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔ غیر کشمیریوں کوجموں کشمیر میں آباد کرنے کی سازشیں اسی سلسلہ کی کڑی ہیں۔ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ اور ان کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

شام میں امریکہ و یورپ کی شہ پر نہتے مسلمانوں کا خون بہا یاجارہا ہے۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کو متحد ہو کر قتل و غارت گری کیخلاف مضبوط آواز بلند کرنی چاہیے ۔مسلمانوں کا قتل اور ظلم و بربریت رکوانا حکمرانوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ شام میں قتل و غارت گری کے مسئلہ پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

یہ سعودی عرب یا ایران نہیں مسلمانوں کے خون ، قتل اوربے گناہ انسانوں پر ظلم کا مسئلہ ہے۔

بشار حکومت کی بربریت کی وجہ سے لاکھوں کی تعداد میں مسلمان اپنے گھر بار چھوڑ کر ہجرت پر مجبور ہوئے ہیں۔ ان کے پاس کھانے کیلئے کچھ نہیں اور وہ کھلے آسمان تلے بے کسی کے عالم میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ اسی طرح ہزاروں کی تعداد میں مسلمانوں کو شہید کیا جارہا ہے۔ ایک ایک مسلمان کے خون کی ذمہ داری مسلم حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے۔ انہیں چاہیے کہ وہ بشار الاسد اور ان کے اتحادی ملکوں سے بات کریںاور نہتے شامی مسلمانوں کا قتل رکوائیں۔

انہوںنے کہاکہ افسوسناک امر یہ ہے کہ حلب کی تباہی پر بعض ملکوں میں جشن منائے جارہے اور مٹھائیاں تقسیم کی جارہی ہیں۔دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ حلب کی بربادی کے بعد اگلا قدم شام کے دوسرے شہر اور پھرسعودی عرب ہو گا۔ یہ مسلم امہ کیخلاف بہت بڑی سازش ہے۔ مسلم حکمرانو ں کو متحد ہو کر شام کے مسئلہ پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ شام مسلمانوں کا بہت اہم ملک ہے جہاں مسلمانوں کا خون بہایاجارہا ہے۔

اس علاقہ کی تاریخی حیثیت کو مدنظر رکھتے ہوئے منظم منصوبہ بندی کے تحت یہاں قتل و غارت گری کو پروان چڑھایا گیا ۔یہ سب کچھ صلیبی و یہودی ایجنڈے کے تحت کیا جارہا ہے۔امریکہ و یورپ نے داعش جیسی دہشت گرد تنظیم کوشام میں مضبوط کیا جو سب سے زیادہ فساد برپا کر رہی ہے۔ حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ سعودی عرب اور ترکی کے ساتھ مل کر شام کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرے۔

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں آٹھ لاکھ بھارتی فوج بدترین ظلم و ستم ڈھا رہی ہے۔ غیر کشمیریوں کو وہاں آباد کر کے مسلم آبادی کا تناسب بگاڑنے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن اس سب کے باوجود امریکہ و یورپ نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کیلئے بھارت سرکار کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ کشمیر ، فلسطین ہو یا شام اور برما ہر جگہ دشمن قوتیں محض اسلام دشمنی کی بنیاد پرمسلمانوں کا خون بہا رہی ہیں۔

کافر قوتیں متحد اور مسلمان ٹکڑوں میں تقسیم دکھائی دیتے ہیں۔مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی اللہ تعالیٰ کو پسند نہیں ہے۔انہیں اللہ کے عذاب سے ڈرنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت پاکستان کو بھی انڈیا کی دوستی کو نہیں دیکھنا چاہیے۔ کشمیر میں خو ن بہہ رہا ہے اس لئے وہاں کے مسائل حل کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔