موبائل ہیلتھ یونٹ دور دراز علاقوں کے عوام کیلئے وزیر اعلی کا بہترین تحفہ ہے‘خواجہ عمران نذیر

ایم ایچ یو ز سکیم کے چھ سال مکمل ہو گئے، 26 لاکھ مریضوں کا علاج معالجہ کیا گیا،حکومت مزید اضلاع کیلئے موبائل ہیلتھ یونٹس فراہم کرے گی

اتوار 25 دسمبر 2016 16:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2016ء) پنجاب کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو علاج معالجہ کی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے موبائل ہیلتھ یونٹ کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور یہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی جانب سے جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے بہترین تحفہ ہے ، موبائل ہیلتھ یونٹس نے اب تک 2.6 ملین مریضوں کو علاج معالجہ اور ٹیسٹوں کی مفت سہولیات فراہم کی ہے ۔

(جاری ہے)

یہ بات صوبائی وزیر برائے پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے موبائل ہیلتھ یونٹ کی کارکردگی اور چھ سال مکمل ہونے پر بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی- اجلاس میں پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ علی جان خان ، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر عاصم الطاف ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر مختار حسین سید ، میڈی ارج کے ایم ڈی منظور احمد چوہدری ، ڈاکٹر شمشاد قریشی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی- اجلاس کو بتایا گیا کہ چھ موبائل ہیلتھ یونٹ بہاولپور ، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان ، مظفر گڑھ، راجن پور اور میانوالی جیسے دور درا ز علاقوں میں عوام کو علاج معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کر رہے ہیں جس میں لیبارٹری ، ایکسرے ،الٹراساؤنڈ، ای سی جی اور امراض نسواں کے علاج کی سہولیات شامل ہیں -خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے چھ سال قبل غریب اور پسماندہ علاقوں کے عوام کیلئے صحت کی سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے موبائل ہیلتھ یونٹس متعارف کرائے تھے جو نہایت کامیاب تجربہ رہا ہے اور یہ ہیلتھ سروس سیلاب اور موسمی شدت میں اپنی افادیت ثابت کر چکی ہے - وزیر اعلی کے حکم پر آئی ڈی پیز کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے میانوالی سے موبائل ہیلتھ یونٹ ضلع بنوں خبیر پختونخوا بھی بھجوایا گیا تھا اور زلزلہ زدگان کی خدمت کرنے کا اعزاز بھی ایم ایچ یو کو حاصل رہا ہے - خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ چھ اضلاع میں کامیاب تجربہ کے بعد مزید اضلاع کیلئے موبائل ہیلتھ یونٹ فراہم کئے جا رہے ہیں - انہوںنے کہا کہ صوبے کے عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکومت اربوں روپے خرچ کر رہی ہے اور محکمہ صحت وزیر اعلی کے مشن کو کامیاب بنانے میں دن رات کوشاں ہے ۔

متعلقہ عنوان :