غیر قانونی یہودی بستیوں کے قیام کے خلاف قرارداد ، اسرائیلی وزیر اعظم دھمکیوں پر اتر آئے

اسرائیل کیخلاف قرار داد ، نتن یاہو کی اقوام متحدہ کیساتھ تعلقات پر نظر ثانی کی دھمکی اسرائیلی وزارت خارجہ کو ہدایت کر دی ہے کہ وہ اقوام متحدہ سے تمام معاملات کا دوبارہ جائزہ لیں، بنجمن نتن یاہو

اتوار 25 دسمبر 2016 15:50

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 دسمبر2016ء) وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو نے اسرائیل کے خلاف قرارداد منظور کرنے پر اقوام متحدہ کے ساتھ تعلقات پر نظر ثانی کی دھمکی دیدی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غربِ اردن میں غیر قانونی یہودی بستیوں کے قیام کے خلاف قرارداد کی منظوری کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو دھمکیوں پر اتر آئے ۔

کہتے ہیں اسرائیل اقوام متحدہ کے ساتھ تعلقات پر نظر ثانی کرے گا ۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ انہوں نے وزارت خارجہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایک ماہ کے اندر اقوام متحدہ کے ساتھ تمام تعلقات پر نظر ثانی کریں ۔ وزیر اعظم نتن یاہو نے سلامتی کونسل کی قرار داد کی پاسداری نہ کرنے کی دھمکی بھی دی ۔ سلامتی کونسل کے 15 رکن ممالک میں سے 14 نیغربِ اردن میں اسرائیل کی جانب سے یہودی بستیوں کے قیام کے خلاف قرارداد کی حمایت میں ووٹ ڈالے ۔ امریکا نے نہ صرف ووٹ ڈالنے سے انکار کیا بلکہ اپنا ویٹو کا حق بھی استعمال نہیں کیا حالانکہ اس سے پہلے وہ اسرائیل کی حمایت میں اس کا استعمال کرتا رہا ہے ۔