نوجوان قائد اعظمؒ کو مشعل راہ بنا کرملکی سلامتی و بقا اور نظریاتی و سیاسی استحکام کیلئے کردار ادا کریں،فدا کیانی

اتوار 25 دسمبر 2016 15:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 دسمبر2016ء)پاکستان مسلم لیگ ’’ن‘‘ آزاد جموں وکشمیر کے مرکزی رہنما اور سابق پولیٹیکل ایڈوائزر فدا حسین کیانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت ہے ، بانی پاکستان قائد اعظمؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک آزاد مملکت کے قیام کی خاطر طویل جدو جہد کی جس کا ہراول دستہ نوجوان تھے ، مسلم لیگ ’’ن‘‘ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں قائد اعظم کی تاریخ ساز جدو جہد کی حقیقی وارث ہے جس کے ساتھ وابستہ نوجوانوں کی یہ قومی ذمہ داری ہے کہ وہ قائد اعظمؒ کے فرمودات اور اقوال کو مشعل راہ بنا کر پاکستان کی سلامتی و بقا اور ملک کے اندر نظریاتی و سیاسی استحکام کیلئے ایک بار پھر اپنا تاریخ ساز کردار ادا کریں۔

وہ یہاں مسلم لیگ ’’ن‘‘ آزاد کشمیر یوتھ ونگ اور ایم ایس ایف ’’ن‘‘ کے رہنمائوںراجہ زبیر اصغر (چیئرمین ایم ایس ایف ن) ، راجہ وقاص خان ، راجہ نصیر اختر موجو، ملک سہیل اعوان ،زاہد خان اور دیگرز سے ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

فدا کیانی نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں نظریاتی تشخص کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت تحلیل کیا جا رہا ہے جس کا موثر اور بھرپور مقابلہ صرف مسلم لیگ ’’ن‘‘ سے وابستہ نوجوان کر سکتے ہیں جو ایک قومی و نظریاتی تاریخ اور ورثے کے علمبردار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں عوام نے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں مسلم لیگ ’’ن‘‘ پر جس تاریخ ساز اعتماد کا اظہار اپنے ووٹ کی پرچی سے کیا ہے اُس سے یہ بات واضح ہو چکی ہے پاکستان اور کشمیر کے اندر عوام اپنے شاندار مستقبل کو مسلم لیگ ’’ن‘‘ میں ہی دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے اندر مسلم لیگ کی حکومت نے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں گڈ گورنس ، میرٹ ، تحریک آزادی کشمیر کو منظم کرنے اور خطے کی بلا تخصیص و ٹھوس بنیادوں پر تعمیر و ترقی کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے تاریخی فیصلے کیئے ہیں جن کی کامیابی کیلئے بھی نوجوانوں کو وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان کا دست و بازو بن کر اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنا ہو گا۔

انہوں نے یوتھ ونگ اور ایم ایس ایف ’’ن‘‘ کی تنظیم کو مظبوط اور فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔