جعلی دودھ کے خلاف دیگر شہروں کی طرح راولپنڈی میں بھی بڑی کارروائی کا فیصلہ

اتوار 25 دسمبر 2016 15:10

راولپنڈی۔25 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2016ء)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جعلی اور مضر صحت دودھ کے خلاف کریک ڈائون کا آغاز کر دیا ۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق ’’صحت مند پنجاب ‘‘پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں پنجاب فو ڈاتھا رٹی کی کاروائیاں جاری ہیں جبکہ جعلی دودھ کے خلاف پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح راولپنڈی میں بھی بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ فوڈ اتھارٹی کو راولپنڈی کے متعدد علاقوں میں مقامی سطح پر جعلی اور مضر صحت دودھ کی تیاری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور اندرون شہر جعلی دودھ کی تیاری کے متعدد مقامات کی نشاندھی کی جاچکی ہے ۔اس ضمن میں فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں رواں ہفتے میں راولپنڈی اور مضافاتی علاقوں میں جعلی دودھ کی تیاری میں ملوث افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا آغاز کرے گی ۔

واضح رہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ڈھابہ ہوٹلوں کے ساتھ ساتھ روایتی کھانے تیار کرنے والے معروف ریسٹورنٹس اور فوڈ آئوٹ لیٹس پر بھی چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیاہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ بہت جلد راولپنڈی کی فوڈ سٹریٹ اور دیگر اہم مارکیٹس میں روائتی کھانے تیار کرنے والے اہم ریسٹورنٹس کی صفائی کا نظام بھی چیک کیا جائے گا ۔