دہشتگر د حملوں کا خطرہ،امریکہ کی اپنے شہریوں کو مصر اور اردن کا سفر نہ کرنے کی ہدایت

رواں ماہ دونوں ملکوں میں متعدد بم دھماکے ہوئے ہیں،اہم سیاحتی مقامات پر سکیورٹی فورسز کی تعیناتی کے باوجود ملک میں کہیں بھی دہشت گردی کے حملے ہوسکتے ہیں، دہشت گرد اور انتہا پسند تنظیموں نے اردن میں امریکی شہریوں اور مغربی باشندوں کو حملوں میں نشانہ بنانے کی دھمکی دے رکھی ہے، امریکی محکمہ خارجہ

اتوار 25 دسمبر 2016 15:00

دہشتگر د حملوں کا خطرہ،امریکہ کی اپنے شہریوں کو مصر اور اردن کا سفر ..

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 دسمبر2016ء) امریکا نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ مصر اور اردن کے سفر سے گریز کریں کیونکہ وہاں دہشت گرد گروپوں کے حملوں کا خطرہ ہوسکتا ہے۔امریکی میڈیاکے مطابق محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ماہ کے دوران میں ان دونوں ملکوں میں متعدد بم دھماکے ہوئے ہیں۔

بیان کے مطابق مصر نے اگرچہ الاقصر اور اسوان سمیت اہم سیاحتی مقامات پر سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کر رکھی ہے لیکن اس کے باوجود ملک میں کہیں بھی دہشت گردی کے حملے ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

محکمے نے امریکیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شرم الشیخ سے باہر جزیرہ نما سینا اور مغربی صحرا کے سفر سے گریز کریں۔محکمہ خارجہ نے امریکی شہریوں کو باور کرایا ہے کہ دہشت گرد اور انتہا پسند تنظیموں نے اردن میں امریکی شہریوں اور مغربی باشندوں کو حملوں میں نشانہ بنانے کی دھمکی دے رکھی ہے۔

واضح رہے کہ مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں قبطی عیسائیوں کے ایک چرچ پر بم حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں25 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔داعش نے اس حملے کی ذمے داری قبول کی تھی۔ادھر اردن کے جنوبی شہر الکرک میں اسی ہفتے اسلامی جنگجوں کے دو حملوں میں ایک کینیڈین سیاح سمیت 14افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔