چودھری شجاعت حسین کاایدھی فائونڈیشن کا دورہ ، فیصل ایدھی سے ملاقات

نسانیت کے لئے عبدالستار ایدھی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،چودھری شجاعت

اتوار 25 دسمبر 2016 14:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 دسمبر2016ء) مسلم لیگ(ق) کے راہنما چودھری شجاعت حسین نے سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی وفات پر ان کے بیٹے سے تعزیت اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ مسلم لیگ(ق) کے راہنما چودھری شجاعت حسین اتوار کو ایدھی فائونڈیشن پہنچے اور فائونڈیشن کے مینجنگ ٹرسٹی فیصل ایدھی سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں چودھری شجاعت حسین نے فیصل ایدھی سے ان کے والد سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی وفات پر تعزیت کی اور انسانیت کے لئے ان کی خدمات کو سراہا۔

بعدازاں ایدھی ہوم پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ(ق) کے راہنما نے کہا کہ انسانیت کے لئے عبدالستار ایدھی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔ موجودہ ملکی سیاست پر اپنی بات چیت میں انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی واپسی سے ملکی سیاست میں فرق نہیں آئے گا جو قوتیں نامساعد حالات پیدا کر کے زرداری کو گھبرانے کی کوششیں کرنا چاہتی ہیں وہ اپنی کوششوں میں ناکام ہوں گے ۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ جمعہ کے روز رینجرز کی جانب سے مارے گئے چھاپوں سے کوئی فرق نہیں پڑے گا زرداری نے دس سال جیل کاٹی وہ ڈرنے والے نہیں ۔ پہلے بھی ایسے حالات کا سامنا کر چکے ہیں ۔ مسلم لیگ (ق) کے راہنما نے کہا کہ دبئی کی سیاست ختم نہیں ہوئی ابھی چلتی رہے گی لیکن دبئی میں اور بھی بڑے بڑے لیڈر موجود ہیں ۔ آصف زرداری دبئی اور لندن میں بیٹھ کر بھی سیاست میں حصہ لے رہے تھے ۔

سیاست میں مختلف موضوعات پر بات ہوتی ہے اور موجودہ ملکی حالات میں تمام سیاسی قوتوں سے بات چیت کر کے صحیح سمت متعین کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ زرداری سے اتوار کے روز شام کو ملاقات متوقع ہے جس میں ملکی موجودہ سیاسی صورت حال سے متعلق مختلف موضوعات پر بات چیت ہو گی ۔ (جاوید)

متعلقہ عنوان :