مقامی پیداوار میں کمی ، نومبر میں انڈونیشیاء سے کوئلے کی درآمد میں 160فیصد اضافہ ہوا،چین

آسٹریلیا سے کوئلے کی درآمد میں 10فیصد کمی بھی ہوئی ، رپورٹ

اتوار 25 دسمبر 2016 14:30

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2016ء) چین نے کہا ہے کہ مقامی پیداوار میں کمی کے باعث انڈونیشیاء سے کوئلے کی درآمد میں 160 فیصد اضافہ ہوا ہے۔محکمہ کسٹمز کی جاری رپورٹ کے مطابق نومبر کے دوران انڈونیشیاء سے کوئلے کی درآمد میں اضافے کیساتھ آسٹریلیا سے کوئلے کی درآمد میں 10فیصد کمی بھی ہوئی تاہم آسٹریلیا سے منگوایا جانیوالا کوئلہ انڈونیشیاء سے پھر بھی زیادہ رہا۔

(جاری ہے)

نومبر کے دوران انڈونیشیاء سے کوئلے کی درآمد 160 فیصد بڑھ کر 5.15 ملین ٹن رہی تاہم آسٹریلیا سے درآمد میں 10فیصد کمی کے باوجود بھی 5.6ملین ٹن کوئلہ درآمد کیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں سال کے دوران انڈونیشیاء سے کوئلے کی درآمد میں مجموعی طور پر 37فیصد اضافہ ہوا جبکہ آسٹریلیا سے درآمد 2015 ء کی نسبت2.1فیصد کم رہی۔ادھر روس اور شمالی کوریا کی جانب سے بھی کوئلے کی درآمد میں اضافہ ہوا۔روس سے 1.7ملین ٹن کوئلہ درآمد کیا گیا جو گزشتہ نومبر کی نسبت 84فیصد زیادہ ہے۔شمالی کوریا کی جانب سے بھی 1.91ملین ٹن کوئلہ درآمد کیا گیا جو نومبر 2015 ء کی نسبت 37.5فیصد زیادہ ہے۔ تاہم اب شمالی کوریا سے درآمد پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔