آئی ایچ ایف نے ورلڈ کپ 2018 میں 16 ٹیموں کی شرکت ، تمام بین الاقوامی میچوں میں 15 منٹ کے چار کوارٹرز متعارف کرانے کی منظوری دیدی

کمپیٹیشن کمیٹی کی سفارش پر کی جانے والی تبدیلیوں کے بعد اب 2018 ورلڈ کپ میں 16 ٹیمیں حصہ لیں گی ، 4 گروپوں میں تقسیم کیا جائیگا نئے قانون کے بعد پاکستان کو کوالیفائنگ مرحلے میں نہیں جانا پڑیگا،قومی ٹیم بدترین کارکردگی کے باعث گزشتہ ورلڈ کپ میں شرکت سے محروم ہوگئی تھی

اتوار 25 دسمبر 2016 13:00

سوئٹزرلینڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2016ء) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹیو بورڈ نے ورلڈ کپ 2018 میں 16 ٹیموں کی شرکت اور تمام بین الاقوامی میچوں میں 15 منٹ کے چار کوارٹرز متعارف کروانے کی منظوری دیدی۔ایف آئی ایچ کے اعلامیے کے مطابق ایگزیکٹیو بورڈ نے گزشتہ ماہ دبئی میں ہاکی ریولوشن پارٹ IIکانفرنس میں ان دو بنیادی تبدیلیوں کا فیصلہ کیا تھا جس کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے۔

ایف آئی ایچ کی کمپیٹیشن کمیٹی کی سفارش پر کی جانے والی تبدیلیوں کے بعد اب 2018 ورلڈ کپ میں 16 ٹیمیں حصہ لیں گی جن کو 4 گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر گروپ کا فاتح کوارٹر فائنل تک رسائی کرے گا اور گروپ میں آخری نمبر پر رہ جانے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگی۔

(جاری ہے)

اس دوران یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ورلڈ کپ 2022 میں بھی 16 ٹیمیں شامل ہوں گی اور ایونٹ کو 16 دنوں میں مکمل کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اس قانون کے آنے کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم کو کوالیفائنگ مرحلے میں نہیں جانا پڑے گا جبکہ قومی ٹیم اپنی بدترین کارکردگی کے باعث گزشتہ ورلڈ کپ میں شرکت سے محروم ہوگئی تھی۔قبل ازیں ہاکی ورلڈ کپ میں 12 ٹیمیں شرکت کرتی تھیں۔ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام بین الاقوامی میچوں میں 15 منٹ کے 4 کوارٹرز ہوں گے جس کا اطلاق یکم جنوری 2017 سے ہوگا۔

متعلقہ عنوان :