مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا پھینکا ہوا بارودی مواد پھٹنے سے 16سالہ لڑکا شدید زخمی

اتوار 25 دسمبر 2016 12:21

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2016ء) مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں ہندوارہ کے علاقے راجواڑ میں اس وقت کہرام مچ گیا جب بھارتی فوج کا پھینکا ہوابارودی مواد پھٹنے کے نتیجے میں ایک16 سالہ لڑکا امتیاز احمد شیخ شدید زخمی ہو گیا ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق زخمی لڑکے کو علاج کے لئے صدر اسپتال سرینگر منتقل کیا گیاہے۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ وڈر بالاسے تعلق رکھنے والا امتیاز احمد شیخ نماز مغرب کے بعد اپنے دوستو ں کے ساتھ اپنے مکان کے نزدیک ایک میدان میں کھیل رہا تھا کہ اس دوران اس کا پیر ایک بارودی شیل سے ٹکرا گیا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں امتیاز احمد شدیدزخمی ہو گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق امتیاز کے دیگر ساتھیو ں نے ان کے گھر والو ں کو خبر دی جبکہ دھماکے کی آ واز سن کر مقامی لوگ جائے وقوعہ کی طرف دوڑ پڑے جہا ں امیتاز احمد خون میں لت پت بے ہوش پڑا تھا ۔مقامی لوگو ں نے امتیاز احمد کو فوری طور ضلع اسپتال ہندوارہ پہنچایا جہا ں ڈاکٹرو ں نے اس کو ابتدائی علاج و معالجہ کے بعد سرینگر کے صدر اسپتال منتقل کردیاہے۔