گراس روٹ لیول پر ٹورنامنٹس کے انعقاد سے ملک میں کھیلوں کا معیار بہتر ہو سکتا ہے، جان شیر خان

تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنا کر ہی ملک میں کھیلوں کے معیار میں بہتری لائی جاسکتی ہے

اتوار 25 دسمبر 2016 12:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2016ء) سابق عالمی چیمپئن( سکواش) جان شیر خا ن نے کہا ہے کہ گراس روٹ لیول پر ٹورنامنٹس کے انعقاد سے ملک میں کھیلوں کا معیار بہتر ہو سکتا ہے،انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنا کر ہی ملک میں کھیلوں کے معیار میں بہتری لائی جاسکتی ہے، سکولز اور کالجز کی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں سے ہی نیا نوجوان ٹیلنٹ سامنے آتا ہے جس کو بروئے کار لانے کے لئے تربیتی کیمپس کا انعقاد بھی ضروری ہے،انہوں نے کہا کہ کھیل کے فروغ سے معاشرے میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے اور اس کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ کھیلوں کا معیار قائم رہے، انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی بہتر انداز میں سرپرستی ہو نی چاہئے تاکہ وہ ملکی اور عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکیں،ایک سوال کے جواب میں جان شیر خان نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹس کے انعقاد سے کھلاڑیوں کا مورال بلندہوگا، ان انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کے انعقاد کا کریڈٹ پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر اورچیف ائیرمارشل سہیل امان کو جاتا ہے، جس نے روواں سال 2016 ء میں انٹرنیشنل سطح کے چار انٹرنیشنل ٹورنامنٹس منعقد کروانے کا اعلان کیا، جن میں سے تین ٹورنامنٹس منعقد ہو چکے ہیں جن میں چیف آف آرمی سٹاف ، چیف آف ایئرسٹاف ، چیف آف نیول سٹاف شامل تھے، اور چوتھا ٹورنامنٹ پریزیڈنٹ کپ ٹورنامنٹ 30 دسمبر سے اسلام آباد میں شروع ہوگا جس میں غیر ملکی کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں،ان ٹورنامنٹس میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت ملک و قوم کے لئے اعزاز کی بات ہی-