(نوٹ 25 :دسمبربروز اتوارکی صبح سے قبل شائع ،نشر یا ٹیلی کاسٹ نہ کیاجائی)

قائد اعظم محمد علی جناحؒ انسانی حقوق کے علمبردار، عظیم مدبر اورکرشمہ ساز شخصیت کے ما لک تھے‘ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ان کا یہ بیان کشمیر اور کشمیری عوام کے ساتھ ان کی فکری اور نظریاتی وابستگی کا مظہر ہے ‘ صدر، وزیر اعظم اور وزیر اطلاعات آزاد جموں وکشمیرکا قائداعظم کے یوم پیدائش کے موقع پر پیغامات

ہفتہ 24 دسمبر 2016 21:30

مظفرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 دسمبر2016ء) صدرآزادجموں وکشمیرمحمد مسعود خان ، وزیر اعظم راجہ محمدفاروق حیدرخان اور وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ انسانی حقوق کے علمبردار، عظیم مدبر اور منتظم تھے ان کی کرشمہ ساز شخصیت کی بدولت برصغیر کے مسلمانوں کو آزادی کی نعمت میسر آئی۔قائد اعظم نے علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر مسلمانوں کو دی اور انہیں ایک ایسا آزاد ملک دیا جہاں ان کی آنے والی نسلیں آزاد فضائوں میں سانس لے سکیں۔

بانی پاکستان نے واشگاف الفاظ میں فرمایا تھا کہ "کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ان کا یہ بیان کشمیر اور کشمیری عوام کے ساتھ ان کی فکری اور نظریاتی وابستگی کا مظہر ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے 140ویں یوم پیدائش کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں کیا۔

(جاری ہے)

صدرمحمد مسعود خان نے کہا کہ بانی پاکستان مسلمانوں کے عالمی راہنما، عظیم قانون دان اور تاریخ ساز شخصیت تھے۔

قائداعظمؒ انگریز اور کانگرسی لیڈروںکی شاطرانہ چالوں سے بخوبی واقف تھے اور وہ سمجھتے تھے کہ یہ دونوں عناصر مسلمانان برصغیر کو ہمیشہ کیلئے غلامی کی زنجیر میں جکڑے رکھنا چاہتے ہیں اسلیے انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو دوقومی نظریہ سے روشناس کرایا اور 23مارچ1940کو قراردادپاکستان منظور کروا کر برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ وطن کے حصول کیلئے بھرپور جدوجہد شروع کردی ۔

دشمنان پاکستان نے ہر ممکن کوشش کی کہ پاکستان کا حصول ناممکن ہو۔ اس مقصد کیلئے انہوں نے حضرت قائداعظمؒکی راہ میں روڑے اٹکائے اور انہیں ہرطرح کا لالچ دیا لیکن بانی پاکستان نے ہر دشواری کا خندہ پیشانی سے مقابلہ کیا انہوں نے راست بازی، اصول پرستی اور لگن کے ساتھ انگریزوں اور ہندووں کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔انہوں نے کہا بابائے قوم کشمیر کو پاکستان کیلئے انتہائی ناگزیر سمجھتے تھے ۔

اسی لئے انہوں نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا ۔ انہوں نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کی کھلے لفظوں میں حمایت کی۔ انہوں نے مسئلہ کشمیرکو حل کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کیں ان کی یہ دلی خواہش تھی کہ کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہوکرپاکستان کا حصہ بنے ۔وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ قائد اعظم پچھلی صدی کے سب سے بڑے انسانی حقوق کے علمبردار تھے انہوں نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا ، بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح نے بڑے نازک موقع پر قوم کی شیرازہ بندی کرتے ہوئے انہیں ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا ۔

انہوں نے انگریزوں اور ہندوؤں کی سازشوں اور ریشہ دوانیوں کو جرات اور پامردگی اور استقامت سے ناکام بنایا اور مملکت خداد اد پاکستان کا قیام ممکن کر دیا ۔ بانی پاکستان کو اپنے مقصد کی سچائی پر مکمل اعتماد تھا اور انہوں نے 23مارچ 1940کو قرار داد پاکستان کی منظوری کے بعد صرف 7سال کی قلیل مدت میں اس وقت کی سب سے بڑی اسلامی مملکت کا قیام عمل میں لایا ۔

بلا شبہ ایک عظیم الشان کامیابی تھی اور اس کا تمام تر سہرہ بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی و لولہ انگیزقیادت ہی کو جاتا ہے ۔انہوں نے کہا بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کشمیری عوام کے سچے غمگسار اور بہی خواہ تھے ،آج کشمیری قائداعظم ؒ کے فرمودات کی روشنی میں تحریک آزادی کشمیر اور دفاع پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں ۔

بھارت نے کشمیریوں کو ان کے جائز حقوق اور حق خودارادیت سے روکنے کیلئے اپنی آٹھ لاکھ سے زائد فوج مقبوضہ کشمیر میں تعینات کررکھی ہے لیکن ان تمام باتوں کے باوجود کشمیری ریاست جموں وکشمیر کی آزادی اور اس کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی جدوجہد پوری شدت سے جاری رکھے ہوئے ہیں انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔

وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اور خوشحال ملک دیکھنا چاہتے تھے۔ وہ جمہوریت پر مکمل یقین رکھتے تھے اورپاکستان کو ایک ایسا ملک دیکھنا چاہتے تھے جہاں تمام شہریوں کو برابر حقوق ملیں،مساوات،میرٹ اور قانون کی بالادستی ہو۔انہوں نے کہا کہ ہم قائد اعظم کے بتائے ہوئے اصولوں پر چلتے ہوئے وطن عزیز کو تمام مسائل سے نکال کر اسے ترقی کی راہ پر چلائیں گے اور ملکی ترقی وسا لمیت کی خاطر بھی بڑی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ بابائے قوم حضرت قائداعظمؒکے یوم پیدائش کے دن ہم اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ ہم اپنی جان، مال ، عزت آبرو پاکستان کے دفاع اور کشمیر کی آزادی کیلئے قربان کرنے سے ہرگز دریغ نہ کریں گے۔ہم اپنی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک ہم کشمیر کو بھارت کے تسلط سے آزاد کروا کر پاکستان کا حصہ نہ بنالیں اور انشااللہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہوکر پاکستان کا حصہ بن جائے گا۔