حکومت پاکستان کا الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کیس دوبارہ کھولنے کیلئے برطانوی حکومت کو خط لکھنے کا فیصلہ

، پاک برطانیہ باہمی تعاون کے معاہدے کے تحت قائد ایم کیو ایم کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا جائے گا، ذرائع

ہفتہ 24 دسمبر 2016 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 دسمبر2016ء) حکومت پاکستان نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی دوبارہ کھولنے کے لئے برطانوی حکومت کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے ، پاک برطانیہ باہمی تعاون کے معاہدے کے تحت قائد ایم کیو ایم کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی طرف سے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات بند کرنے پر برطانوی حکومت کو اپنے تحفظات اور تشویش سے آگا ہ کیا جائے گا اور اس کے لئے آئندہ ہفتے برطانوی محکمہ داخلہ کو خط لکھا جائے گا جس میں ایم کیو ایم کے قائد کے خلاف منی لانڈرنگ کی دوبارہ تحقیقات شروع کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا ، ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ میٹرو پولیٹن پولیس کو ایم کیو ایم لندن کی قیادت کے خلاف منی لانڈرنگ کے مزید شواہد بھی فراہم کرے گی تاکہ ملزمان کو انصاف کے کٹہڑے میں لایا جا سکے ، واضح رہے کہ میٹرو پولیٹن پولیس نے سال دو ہزار بارہ اور تیرہ میں ایم کیو ایم لندن کے دفاتر پر چھاپوں کے دوران چار لاکھ برطانوی پاونڈ بر آمد کر کے الطاف حسین اور ان کے ساتھیوں کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کی تھی اور جون دو ہزار تیرہ میں الطاف حسین کو اس کیس میں گرفتار بھی کیا گیا تھا تاہم میٹرو پولیٹن پولیس نے دو ماہ قبل شواہد کی عدم فراہمی پر تحقیقات بند کرتے مقامی عدالت میں دائر درخواست واپس لے لی تھی۔

( آچ )