پشاور ، ڈویژنل اور ضلعی انتظامی افسران مانٹیرنگ کے نظام کو مزید بہتر بنائیں

ہسپتالوں ،دیہی طبی مراکز ، بنیادی مراکز صحت ، سکولوں اور کالجوں میں اچانک چھاپوں کا سلسلہ مزید تیز کریں تاکہ ان اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا عابد سعید

ہفتہ 24 دسمبر 2016 20:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 دسمبر2016ء) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا عابد سعید نے ڈویژنل اور ضلعی انتظامی افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ مانٹیرنگ کے نظام کو مزید بہتر بنائے ۔ ہسپتالوں ،دیہی طبی مراکز ، بنیادی مراکز صحت ، سکولوں اور کالجوں میں اچانک چھاپوں کا سلسلہ مزید تیز کریں تاکہ ان اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے ۔

یہ ہدایات جمعہ کے روز انہوں نے کمشنر ہائوس بنوں میں ایک بریفنگ کے دوران جاری کیں ۔ اس موقع پر کمشنر بنوں ڈویژن کامران زیب ، ڈپٹی کمشنر بنوں اور لکی مروت میاں عادل اقبال اور محمد بختیار خان ، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر انتظامی افسران نے شرکت کی ۔۔ کمشنر بنوں ڈویژن کامران زیب نے چیف سیکرٹری کو بنوں ڈویژن کے جغرافیہ ، آبادی ، انتظامی معاملات ، بلدیاتی نظام ، ایف آر کے نظام اور امن عامہ سمیت آپریشن ضرب غضب سے متاثرہ شمالی و زیرستان کے متاثرین کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر بنوں میاں عادل اقبال اور ڈپٹی کمشنر لکی مروت محمد بختیار خان نے اپنے اپنے ضلع سے متعلق صحت ، تعلیم ، آبنوشی ، آبپاشی اور مواصلات سے متعلق بریفنگ میں دونوں اضلاع میں مختلف شعبوں کے تحت مکمل کئے گئے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی بتایاگیا ۔ چیف سیکرٹری کو بتایا گیا کہ دونوں اضلاع میں بہتر اور ٹھوس مانیٹرنگ سسٹم کی وجہ سے ہسپتالوں ، طبی مراکز صحت ، سکولوں اور کالجوں میں ملازمین کی حاضری کی صورت حال بہتر ہونے سے عوام کو کافی فائدہ پہنچا ہے اور ان شعبوں میں عوامی شکایات میں کمی آئی ہے ۔

دونوں اضلاع کی ضلعی انتظامی مانیٹرنگ سسٹم کو مزید تیزو بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں جس کے مزید بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔ چیف سیکرٹری کو شمالی وزیرستان کے متاثرین کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں بھی بتایا گیا اور اس بارے میں دونوں اضلاع کی امن و امان کی صورت حال پر پڑنے والے اثرات اور نتائج سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔چیف سیکرٹری نے متعدد سوالات بھی کئے ۔

بریفنگ میں ضلع بنوں اور لکی مروت کے مسائل ومشکلات کی بھی نشاندہی کی گئی ۔بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری عابد سعید نے کہا کہ عوامی مسائل سے غافل ،سست اورکاہل کسی بھی سرکاری اہلکاراورافسر کو برداشت نہیں کیاجائے گا۔ انہوںنے افسران پرزوردیا کہ وہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائے اورلوگوں کے مسائل کم سے کم وقت میں حل کرنے کویقینی بنائے جوکہ ان کے فرائض منصبی میںشامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :