شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس میں 100 مریضوں کے جگر کی کامیاب پیوندکاریوں پر تقریب

جگر عطیہ کرنے والوں کی شرح اموات صفر رہی جو کہ کسی بھی ترقی یافتہ ملک کی شرح سے کم نہیں، پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان

ہفتہ 24 دسمبر 2016 20:10

لاہور۔24 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 دسمبر2016ء) شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس ، لاہور میں لیور ٹرانسپلانٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 100 مریضوں کے جگر کی کامیاب پیوندکاریاں مکمل ہونے پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان چئیرمین اینڈ ڈین شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس لاہور ، وسیم رضا جعفری سپیشل سیکرٹری ٹو وزیر اعلی پنجاب ، عبدالقیوم سپیشل سیکرٹری ٹو وزیر اعظم ، ایم۔

ایم۔خان ممبر بورڈ آف گورنرز، ڈاکٹر طارق علی بنگش، ڈاکٹر عامر لطیف ، فیکلٹی ممبران ، ڈاکٹرز ، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان چئیرمین اینڈ ڈین شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس لاہور نے کہا کہ آج ہم سب کیلئے انتہائی خوشی اور مسرت کا موقع ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی سرکاری ہسپتال میں جگر کی 100 کامیاب پیوند کاریاں مکمل ہوئیں اور ہمارے لیے یہ انتہائی اعزاز کی بات ہے کہ اس کامیابی کا سہرا شیخ زاید ہسپتال، لاہور کے سر ہے۔

(جاری ہے)

اگست 2011 میںشیخ زاید میڈیکل کمپلیکس لاہور میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی کامیاب جگر کی پیوند کاری کی گئی اور اس کے بعد سال 2015تک کل 42 جگر کی پیوند کاریاں کی گئی اور سال 2016 میں 58 جگر کی پیوند کاریاں کی گئی جن میں جگر عطیہ کرنے والوں کی شرح اموات صفر رہی جو کہ کسی بھی ترقی یافتہ ملک کی شرح سے کم نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب اللہ پا ک کی مہربانی اور حکومت پنجاب کے تعاون اور لیور ٹرانسپلانٹ کی ماہر ٹیم کے بغیر ممکن نہ تھا جس کی بدولت آج ہمیں یہ تاریخی کامیابی نصیب ہوئی۔

انہوں نے لیور ٹرانسپلانٹ سرجنز ، ڈاکٹر طارق علی بنگش، ڈاکٹر عامر لطیف ، اینستھیزیا و دیگرڈیپارٹمنٹس ،ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے ٹیم ورک اور انتھک محنت اور کاوشوں کو خوب سراہا اور مستقبل میں بھی اسی طرح سے اس پروگرام کو آگے بڑھانے کی امید ظاہر کی اور اپنی جانب سے لیور ٹرانسپلانٹ پروگرام کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

متعلقہ عنوان :