مغوی بچی کی بازیابی پرتفتیشی افسر کو نقد انعام اور تعریفی سرٹفکیٹ دینے کا اعلان

جمعہ 23 دسمبر 2016 22:40

سرگودھا۔23 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2016ء)ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا ذوالفقار حمید نے تھانہ صدر ضلع سرگودھا سے دو ماہ قبل اغواء ہونے والی2سالہ بچی کی بازیابی کے بعد بچی ،اس کے والدین اور تفتیشی افسر کو دفتر بلایا اور ان سے ملاقات کی۔تفتیشی افسر سب انسپکٹر خدا بخش کو بچی کی بازیابی پر دس ہزار روپے نقد انعام اور تعریفی سرٹفکیٹ دینے کا اعلان کیا۔

23اکتوبرکو تصور حسین سکنہ چک نمبر 36شمالی نے تھانہ صدرمیں درخواست دی کہ اس کی 2سالہ بیٹی دعا زہرہ کو کسی نا معلوم شخص نے اغواء کر لیا ہے۔اس کی تفتیش خدا بخش سب انسپکٹر کے سپرد ہوئی۔آر پی او سرگودھا ذوالفقار حمید نے ا س واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اپنی نگرانی میں اس مقدمہ کی تفتیش شروع کروائی۔

(جاری ہے)

آر پی او سرگودھا اس مقدمہ کی پراگریس رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر لیتے رہے۔

20دسمبر کو سب انسپکٹر خدا بخش کو اطلاع ملی کہ طاہر عباس گھنجیرا جو کہ 33شمالی ضلع سرگودھا کا رہائشی ہے اس کے پاس ایک بچی ہے ، اس اطلاع پر تفتیشی افسرنے بمعہ دیگر پولیس ملازمان کے ریڈنگ پارٹی تشکیل دی اور طاہر عباس کو ریڈ کر کے گرفتار کر لیا اور مغویہ دعا زہرہ کو بازیاب کر لیا۔ملاقات کے دوران بچی کے والدین نے آر پی او سرگودھا ذوالفقار حمید کی طرف سے بچی کی بازیابی کے لیے کی گئی کاوشوں کو سراہا اور آر پی او کا شکریہ ادا کیا۔

آر پی او سرگودھا نے تفتیشی افسر سب انسپکٹر خدا بخش کی مقدمہ میں دلچسپی اوربچی کی بازیابی کے لیے کی گئی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ محکمہ پولیس کو ایسے محنتی،دیانتدار اور قابل پولیس افسروں پر فخر ہے۔آر پی او سرگودھا نے تفتیشی افسر سب انسپکٹر خدا بخش کے لیے دس ہزار روپے نقد انعام بمعہ تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا۔ ملزم طاہر عباس کو حوالات جوڈیشل بھجوایا جا چکا ہے۔