مسیحی برادری کی سہولت کیلئے صوبہ بھر میں ’’کرسمس بازاروں‘‘ کا انعقاد کیا گیا ہے۔صوبائی وزیر اقلیتی امور

جمعہ 23 دسمبر 2016 22:40

فیصل آباد۔23 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی ہدایات پر کرسمس کی خوشیوں میں مسیحی برادری کی سہولت کے لئے صوبہ بھر میں خصوصی ’’کرسمس بازاروں‘‘ کا انعقاد کیا گیا ہے جن میں آٹا،چینی،دالیں،پھل،سبزیاں،گوشت اور دیگر اشیائے ضروریہ رعایتی نرخوں پر فراہم کی جارہی ہیں ۔یہ بات صوبائی وزیراقلیتی امور وانسانی حقوق خلیل طاہر سندھو نے کرسچین ٹائون عید گاہ روڈ اور پینٹو گرائونڈ وارث پورہ میں خصوصی کرسمس بازاروں کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے کہی۔

ڈی سی او سلمان غنی،اسسٹنٹ کمشنرز بلاول ابڑو،امیرنواز بھروانہ،سابق ایم پی اے کمال چغتائی،فادر یونس شہزاد،وائس چیئرمین سی سی نمبر2پرویز بھٹی،سٹی کونسلر شہزاد وسیم پہلوان،عمانوئل غوری اور مسیحی برادری کے دیگر سرکردہ نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر اقلیتی امور نے مختلف سٹالز کا دورہ کرکے اشیائے ضروریہ کے معیار کامعائہ کیااورکہا کہ مسیحی برادری کو ان کے گھروں کے قریب روزمرہ استعمال اور کرسمس کے حوالے سے مختلف اشیاء سستے داموں فراہم کی جارہی ہیں تاکہ ان کی کرسمس کی خوشیاں دوبالا ہوسکیں۔

انہوں نے اقلیتی برادری کے لئے حکومت کے مختلف انقلابی اقدامات کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس کے موقع پر پنجاب بھر میں مستحق مسیحی خاندانوں میں تین کروڑ روپے کی امداد تقسیم کی جارہی ہے جبکہ خصوصی فنڈز سے مسیحی آبادیوں کی تعمیروترقی کے لئے متعدد منصوبے مکمل کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمدنواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح وبہبود پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور کرسمس کے موقع پر مسیحیوں سے اظہار یکجہتی اوران کی خوشیوں میں شریک ہونے کے لئے حکومتی اور سماجی سطح پر ہمہ نوعیت کے پروگرامز کا سلسلہ جاری ہے جو ہماری قومی وحدت کی علامت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کرسمس کے روزگرجا گھروں کے تحفظ کے لئے پنجاب بھر میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ مختلف تفریحی مقامات پر بھی سیکورٹی کو سخت کیاگیا ہے۔صوبائی وزیرنے خصوصی کرسمس بازاروں کے انعقاد کے بہترین انتظامات پر ڈی سی او سلمان غنی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اورکہا کہ ان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی سپلائی میں تعطل نہیں آنا چاہیے۔

ڈی سی او سلمان غنی نے بتایا کہ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کی سہولت کے لئے ضلع میں سات کرسمس بازار فنکشنل ہیں جن میں اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ اقلیتی برادری کی بھلائی کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور کرسمس کی خوشیوں کے لئے پرسکون اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں ۔اس موقع پر مسیحی نمائندوں نے کرسمس بازاروں کے کامیاب انعقاد کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف اورڈی سی او سلمان غنی کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :