ہم کسی بھی قسم کی غیرقانونی سرگرمیوں اور کاروبار میں ملوث نہیں ، رینجرز نے جس اسلحے کی برآمدگی بتائی وہ ہمارے کسی بھی دفتر سے برآمد نہیں ہوا ، حکومت سندھ اور عدلیہ اس معاملہ کی آزادانہ تحقیقات کروائیں ، ہمیں انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے ،اومنی گروپ آف انڈسٹریز نے سندھ رینجرز کے الزامات مسترد کردیئے

جمعہ 23 دسمبر 2016 22:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 دسمبر2016ء) اومنی گروپ آف انڈسٹریز نے سندھ رینجرز کی پریس ریلیز میں لگائے گئے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اومنی گروپ کسی بھی قسم کی غیرقانونی سرگرمیوں اور کاروبار میں ملوث نہیں ، رینجرز نے جس اسلحے کی برآمدگی بتائی وہ ہمارے کسی بھی دفتر سے برآمد نہیں ہوا ، حکومت سندھ اور عدلیہ اس معاملہ کی آزادانہ تحقیقات کروائیں ، ہمیں انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے۔

جمعہ کو اومنیگروپ آف انڈسٹریز کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیاآج دن ایک بجے رینجرز ہمارے دو دفاتر میںداخل ہوئی ، رینجرز نے دفاتر میں موجود افراد کو ایک کمرے میں بند کر کے تلاشی لی ، تلاشی کے بعد رینجرز چند فائلز اور سی سی ٹی وی ویڈیو کا ریکارڈساتھ لے گئی ، رینجرز ہمارے دو ملازمین کاشف اور کامران منیر کو بھی ساتھ لے گئی تھی۔

(جاری ہے)

کچھ دیر بعد رینجرز کی پریس ریلیز میں پانچ ملازمین اور اسلحے کی برآمدگی کا بتایا گیا۔ بیان میںکہا گیا کہ آئی آئی چندریگر روڈ پر جس دفتر پر چھاپا مارا گیا وہ ہمارا نہیں ،دیگر گرفتار افراد رجب علی راجڑ ، شہزاد شاہ اور اجمل خان کا ہماری کمپنی سے تعلق نہیںاور نہ ہی وہ اس وقت ہمارے دفتر میں تھے۔رینجرز نے جس اسلحے کی برآمدگی بتائی وہ ہمارے کسی دفتر سے برآمد نہیں ہوئی ، اومنی گروپ کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں۔ سندھ رینجرز کی پریس ریلیز میں لگائے گئے تمام الزامات مسترد کرتے ہیں ،حکومت سندھ اور عدلیہ اس معاملہ کی آزادانہ تحقیقات کروائیں،ہمیں انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے۔