قلات میں جمعیت علماء اسلام (ف)کی اپیل پر برما، شام سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں مسلمانوں پر ظلم و بربریت کے خلاف احتجاجی ریلی،مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اورکفار کے ظلم کے خلاف شدید نعرہ بازی

جمعہ 23 دسمبر 2016 22:46

قلات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 دسمبر2016ء) ملک بھر کی طرح قلات میں جمعیت علماء اسلام (ف)کے مرکزی کال پر برما،حلب سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں کفار کی جانب سے مسلمانوں پر ظلم و بربریت کے خلاف احتجاجی ریلی،مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اورکفار کے ظلم کے خلاف شدید نعرہ بازی ،شرکاء نے پارٹی پرچم ، بینرز اورپلے کارڈز اٹھائے رکھے تھے ۔

تفصیلات کے مطابق برما،حلب،فلسطین،کشمیر ،شام سمیت دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی مسلمانوں پر کفار ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں ان مسلمان بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مرکز اسلامی سے بعد نماز جمعہ جے یو آئی کے ضلعی ترجمان و خطیب حافظ محمد قاسم فاروقی کے قیادت میں ایک ریلی نکالی گئی ،ریلی میں سیاسی جماعتوں ،سماجی رہنمائوں کے علاوہ مختلف طبقہ فکر کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی ،اس موقع پر ریلی بازار کے مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی شہید لونگ خان چوک پر جلسے کی شکل اختیار کی ۔

(جاری ہے)

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی ترجمان جے یوآئی حافظ محمد قاسم فاروقی ،میر منیر احمد شاہوانی ،مولانا محمد اشرف ،ماسٹر خدابخش ،بی این پی عوامی کے مرکزی رہنماء حاجی عزیز مغل سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان ایک جسم کی مانند ہے اور اسلام بھائی چارے اور امن کا درس دیتا ہے اسلامی تعلیمات پرعمل درآمد کرتے ہوئے ہم اسلام کی جانب سے امن کے پیغام کو پھیلارہے ہیں ۔

مگر اس آج کل دنیا بھر میں کفار مظلوم مسلمانوں پر ظلم و بربریت کے ساتھ ان پر بادشاہت کرنا چاہتا ہے ۔ہم برما ،حلب ،شام ،فلسطین ،کشمیر سمیت دنیا بھر کے ان مسلمان کے ساتھ کھڑے ہیں جن پر آج بھی کفار ظلم کے پہاڑ توڑ کروحشیانہ تشدد مسلمانوں پر کرکے انہیں زندہ جلا رہے ہیں ،مسلمانوں کو سمندر برد کرکے ان پر جو ظلم کیا جارہا ہے وہ قابل مذمت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ممالک کی خاموشی باعث افسوس ہے ۔جنہیں یہ مظالم نہیں آرہے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی ممالک ہوش کے ناخن لیں اور روس ،امریکہ ،اسرائیل سمیت دیگر کافر ممالک کی جانب سے مسلمانوں پر ظلم و بربریت کے خلاف آواز بلند کرکے ان کے خلاف عالمی قانون کے تحت کاروائی کرے اور اقوام متحدہ اس حوالے سے اپنا کردار اادا کرے ۔آخر میں مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے ۔

متعلقہ عنوان :