حلقہ ٴ احباب کراچی کی ایڈوائزری کمیٹی کا اہم اجلاس

ْپروگرام میں تین سیشن ہوں گے ۔جس میں مختلف خطابات کے علاوہ ڈاکیومینٹری فلم دکھائی جائے گی پروگرام میں مختلف شعبہ زندگی میں نمایاں کارنامے انجام دینے والے افراد کو خصوصی ایوارڈز دیئے جائیں گے، فیصلہ

جمعہ 23 دسمبر 2016 23:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 دسمبر2016ء) 15جنوری کوایکسپو سینٹر میں ہو نے والے احباب ِ جمعیت کے پروگرام کے سلسلے میں حلقہ ٴ احباب کراچی کی ایڈوائزری کمیٹی کا اہم اجلاس ادارہ نور حق میں احباب ِ جمعیت کے صدر ڈاکٹر واسع شاکر کی صدارت میں ہوا ۔جس میں طے کیا گیا کہ پروگرام میں تین سیشن ہوں گے ۔جس میں مختلف خطابات کے علاوہ ڈاکیومینٹری فلم دکھائی جائے گی ۔

ٹیبلو ،نغمے اور خاکے پیش کیے جائیں گے ۔پروگرام میں مختلف شعبہ زندگی میں نمایاں کارنامے انجام دینے والے افراد کو خصوصی ایوارڈز دیئے جائیں گے ۔اس مو قع پر ایک یادگاری مجلہ بھی شائع کیا جارہا ہے جو شر کاء میں تقسیم کیا جائے گا ۔پروگرام کے لیے 25ہزار سے زائد افراد سے رابطے کیے جارہے ہیں ۔احبابِ جمعیت کا ڈیٹا جمع کر نے کے لیے ابھی سے گوگل رجسٹریشن کا اجراء کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

جس میں پروگرام سے قبل 10ہزار افراد کا ڈیٹا جمع کیا جائے گا ۔پروگرام میں فوڈ کورٹ سمیت متعدد اسٹالز لگائے جائیں گے ۔صبح 10بجے سے مغرب کے بعد تک جاری رہنے والے اس پروگرام میں خواتین اور بچے بھی شریک ہوں گے ۔پروگرام کے لیے دو ،تین اور پانچ ہزار کے کوپن بھی جاری کیے جائیں گے ۔پروگرام کا زرِ تعاون 300روپے رکھا گیا ہے جس میں 100روپے کے فوڈ کورٹ کے کوپن بھی دیئے جائیں گے ۔

شرکاء کو یاد گاری مجلہ ،بروشر ،دعوتی کتابچے فراہم کیے جائیں گے ۔اس مو قع پر جمعیت کے تحت خصوصی اسٹال لگایا جائے گا ۔اہم پروگرام میں تاریخ ِجمعیت اور شہداء جمعیت کے حوالے سے نمائش کا بھی اہتمام کیا جائے گا ۔یہ پروگرام راہ ٹی وی کے ذریعے براہِ راست ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا ۔پروگرام میں امریکہ ،کینیڈا ،آسٹریلیا ،سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور اندرونِ ملک سے احباب ِ جمعیت بڑی تعداد میں شریک ہوں گے ۔

پروگرام کی دعوت کو وسیع پیمانے پر احباب تک پہنچانے کے لیے 27کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں ۔جو اپنے اپنے شعبہ جات میں اپنے دور کے سابقین سے رابطہ کر کے اس پروگرام میں شر کت کا دعوت نامہ پہنچائیں گی۔دریں اثناء احباب جمعیت کے صدر ڈاکٹر واسع شاکر نے کہا کہ احباب ِ جمعیت کا اجتماع کراچی کے بدلتے حالات میں اُمید کی کرن ثابت ہو گا اور ہزاروں افراد کو دین کے ساتھ ساتھ کراچی کے حالات کو بہتر بنانے کے لیے انہیں متحرک کر نے کا ذریعہ بنے گا ۔#

متعلقہ عنوان :