جماعت اسلامی کے تحت ’’امت رسول ؐ مارچ ‘‘کے سلسلے میں شہر بھر میں درجنوں مقامات پر بعد نماز جمعہ مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے

جمعہ 23 دسمبر 2016 23:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 دسمبر2016ء) جماعت اسلامی کراچی کے تحت اتوار یکم جنوری کو شام اور برما میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف اور مظلوم و نہتے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے شاہراہ قائدین پر ہونے والے ’’امت رسول ؐ مارچ ‘‘کے سلسلے میں جمعہ کے روز شہر بھر میں درجنوں مقامات پر بعد نماز جمعہ مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے ،جن میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،مظاہروں سے جماعت اسلامی کے ضلعی امراء سمیت مقامی رہنمائوں اور ذمہ داران نے خطاب کیا اور مظلوم مسلمانوں سے بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اقوام متحدہ ،عالمی اداروں اور مغرب کے دہرے معیار اور مجرمانہ خاموشی کی شدید مذمت کی گئی ،مقررین نے عوام کو یکم جنوری کو امت رسول ؐ مارچ میں شرکت کی دعوت دی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ضلع وسطی میں 35مقامات سے زائد مساجد کے باہر مظاہرہ کیے گئے جن میں مرکزی مظاہرہ فاروق اعظم مسجد نارتھ ناظم آباد کے سامنے ہوا۔ مظاہرے سے ضلع وسطی کے قائم مقام امیر محمد یوسف اور نائب امرا ء خالد صدیقی اور محمد احمد نے خطاب کیا ۔علاوہ ازیں ضلع بن قاسم کے تحت 30سے زائد مقامات پر مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن سے امراء زونز ضیار الرحمن فاروقی ، انیس نصیر اور دیگر نے خطاب کیا ۔

ضلع غربی میں مسجد سلمان فارسی ، مسجد فاروق اعظم ، علی گڑھ کالونی اورنگی ٹاؤن ، سرجانی ٹاؤن ، سائٹ ایریا اور بلدیہ ٹاؤن چاندنی چوک سمیت 40مقامات پر مظاہرے کیے گئے جن سے نائب امیر ضلع فضل احد اور خالد زمان اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ ضلع شرقی اور ضلع جنوبی میں مختلف زونز کے تحت متعدد مقامات مساجد کے باہر مظاہرے کیے گئے ۔#

متعلقہ عنوان :