ہماری سیاست میں حصہ لینے کا مقصد عوام اور پارٹی کارکنوں کی خدمت ہے ‘ عوام کی خدمت کرنے سے دلی خوشی ملتی ہے

پیپلزپارٹی کے صوبائی رہنماء و ممبر ڈسٹرکٹ کونسل چاغی میر قادر بخش محمد حسنی کی وفد سے بات چیت

جمعہ 23 دسمبر 2016 23:06

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی رہنماء و ممبر ڈسٹرکٹ کونسل چاغی میر قادر بخش محمد حسنی نے کہا ہے کہ ہماری سیاست میں حصہ لینے کا مقصد اپنے عوام اور پارٹی کارکنوں کی خدمت ہے ، عوام کی خدمت کرنے سے دلی خوشی ملتی ہے ۔ یہ بات انہوں نے پارٹی کارکنو ں پر مشتمل ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

وفد کے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے میر قادر بخش محمد حسنی نے کہا کہ آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی علاقے کے عوامی نمائندوں کی ناقص پالیسی اور کارکردگی کی وجہ سے ضلع چاغی کے عوام پسماندگی اور بے روزگاری کے شکار ہیں ، ضلع کے مختلف علاقے آج بھی تعلیم ، صحت ، پینے کے صاف پانی ، بجلی اور مواصلات کی سہولیات سے محروم ہیں ، علاقے میں چوری ، ڈکیتی ، اغواء برائے تاوان عروج پر ہیں ۔

(جاری ہے)

میر قادر بخش محمد حسنی کا کہنا تھا کہ علاقے کے لئے کروڑوں روپے فنڈز ملنے کے باوجود بھی ضلع بھر میں لوگ کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لے کر روزگار کی تلاش کے لئے سرگرداں نظر آتے ہیں مگر روزگار نہ ملنے کے باعث یہ نوجوان نشے اور دوسرے معاشرتی برائیوں کی طرف راغب ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چاغی کے عوام کے ساتھ میرا ووٹ کا نہیںبلکہ خون کا رشتہ ہے اور وہ علاقے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلع کی پسماندگی کو مد نظر رکھتے ہوئے تعلیم ، صحت ، پینے کی صاف پانی اور روزگار کی فراہمی کے لئے آسامیوں پر مشتمل خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے تاکہ علاقے کے لوگ خوشحال زندگی گزار سکیں ۔