ضلع واشک میں ترقیاتی کاموں کے نام پر پچھلے 12 سالوں سے فنڈز استعمال ہورہے ہیں مگر زمینی حقائق اس سے یکسر مختلف ہے ‘کسی قسم کا کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا

چیف آف شمشی میر نور احمد میروانی کی کوئٹہ میں پریس کانفرنس

جمعہ 23 دسمبر 2016 23:06

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 دسمبر2016ء) چیف آف شمشی میر نور احمد میروانی نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ضلع واشک میں ترقیاتی کاموں کے نام پر پچھلے 12 سالوں سے فنڈز استعمال ہورہے ہیں مگر زمینی حقائق اس سے یکسر مختلف ہے ۔ انہو ںنے الزام عائد کیا کہ کسی قسم کا کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا ، جتنے بھی کام ہیں وہ سڑکیں ، لینڈلیوننگ ، حفاظتی بندات ، واٹر سپلائی اسکیمیں یا تعلیم و صحت کے شعبے ہوں میں تمام کام صرف کاغذات کی حد تک ہوتا ہے عوام کو کوئی سہولت میسر نہیں آتی نہ ان کے لئے کوئی ترقیاتی کام ہوا ہے ۔

اس جدید دور میں بھی ضلع واشک کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ عوامی نمائندوں کا ترقیاتی کاموں کے دعوے صحیح نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ واشک ہیڈ کوارٹر میں پچھلے ایک مہینے سے بجلی نہیں ہے جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑرہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ملازمتوں میں مبینہ طورپر عوامی نمائندے قومی اور اقرباء پروری کی بنیاد پر مقامی نوجوانوں کو پس پشت ڈال کر غیر مقامی نوجوانو ںکو نوکریاں فراہم کررہے ہیں جس سے واشک کے تعلیم یافتہ نوجوانوںکی حق تلفی ہورہی ہے ۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حلقہ سے منتخب نمائندے جعلی شناختی کارڈ بنوا کر اپنے ووٹ بینک میں اضافہ کررہے ہیں ۔ انہو ںنے سینیٹر نوابزادہ میر نعمت اللہ زہری نے اپنے علاقے کے ساتھ ساتھ دوسرے علاقوںمیں بھی ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا ہے جس پر ہم ان کا تہہ دل سے شکرگزار ہیں ۔

متعلقہ عنوان :