ڈیرہ مرادجمالی سے کراچی جانے والی مسافر کوچ ٹرک سے ٹکراگئی ‘کوچ میں آگ لگ گئی ‘ڈرائیور سمیت 4افراد جھلس کر جاںبحق ‘15سے زائدمسافر شدید زخمی ‘ہسپتال منتقل ‘زخمیوں میں متعدد کی حالت تشویشناک

جمعہ 23 دسمبر 2016 23:24

ڈیرہ مراد جما لی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 دسمبر2016ء) ڈیرہ مرادجمالی سے کراچی جانے والی مسافر کوچ سندھ کے علاقے شکار پور میں ٹرک کے ساتھ ٹکراگئی جس کے نتیجے میں کوچ میں آگ لگ گئی اور ڈرائیور سمیت 4افراد جھلس کر جاںبحق 15سے زائدمسافر شدید زخمی ہوگئے جنھیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا زخمیوں میں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جاںبحق ہونے والوں کی میتوں کو ان کے آبائی علاقوں میں پہنچادیا گیاپولیس کے مطابق ڈیرہ مرادجمالی سے کراچی جانے والی بدقسمت پندرانی کوچ سندھ کے علاقے شکار پور بائی پاس پر اس وقت حادثہ پیش آیا جب کشمور سے آنے والی تیز رفتار ٹرک کوچ سے ٹکراگیا جس کے نتیجے میں کوچ کے اندر آگ بھڑک اٹھی دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پورے کوچ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں کوچ ڈرائیور احمد دین پندرانی،گل محمد پندرانی،حضور بخش چنا جھلس کر جاںبحق ہوگئے اور 15سے زائد مسافرشدید زخمی ہوگئے حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈیرہ مرادجمالی اور شکار پور سے امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور کوچ کے شیشے توڑ کر زخمیوں کو نکالا گیا جنھیں فوری طور پر شکار پور اور سکھر کی ہسپتالوں میں پہنچایا گیا جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے حادثے کے بارے میں مزید تحقیقات شروع کردی ہیں جاںبحق ہونے والے ڈرائیور احمد دین اور کنڈیکٹر گل محمد پندرانی کی لاش کو جعفرآباد کے تحصیل اوستہ محمد کے گوٹھ دلی جان پندرانی اور کوچ کے منشی حضور بخش چنا کو ان کے آبائی علاقے پہنچایا گیا جہاں ان کو آہوں اور سسکیوں میں ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :