پیمرا نے چینل 24 کی نشریات 7 روز کیلئے ملتوی کر دیں، 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد

جمعہ 23 دسمبر 2016 23:24

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2016ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے چینل 24 کی نشریات 7 روز کیلئے شام 5 بجے تا رات 12 بجے تک ملتوی کر دیں۔ پیمرا کی طرف سے یہ فیصلہ 27 دسمبر 2016ء سے 2 جنوری 2017ء رات 12 بجے تک نافذ العمل رہے گا۔ پیمرا اتھارٹی نے چینل کی نشریات معطل کرنے کے ساتھ ساتھ چینل پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

جمعہ کو پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے 122ویں اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پی آئی اے طیارہ حادثہ کے بارے میں غیر متعلقہ آڈیو کلپ چلانے پر چینل 24 کی نشریات 7 دن کیلئے معطل کی جا رہی ہیں۔ چینل 24 کی طرف سے پی آئی اے طیارہ حادثہ والے روز یعنی 7 دسمبر 2016ء کو ایک غیر تصدیق شدہ اور غلط آڈیو کلپ دکھانے اور اس دعویٰ کے بعد کہ وہ آڈیو کلپ اسی بدنصیب طیارے کے مسافروں سے متعلق ہے یہ فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پیمرا نے مذکورہ آڈیو کلپ چلائے جانے کے فوراً بعد چینل 24 کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا اور اس آڈیو کلپ کی تصدیق کے حوالے سے سات روز کے اندر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی تاہم چینل انتظامیہ اپنے نمائندے کے ذریعے ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر اپنے دعویٰ کا دفاع نہ کر سکی۔ جس پر پیمرا اتھارٹی نے ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی اور عوام الناس خصوصاً جاں بحق ہونے والے مسافروں اور پی آئی اے کے عملہ کے رشتہ داروں، دوست احباب اور عام ناظرین پر مذکورہ وڈیو کلپ کے شدید ذہنی، نفسیاتی اور منفی جذباتی اثرات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا۔

پیمرا اتھارٹی کے فیصلے سے پاک سیٹ کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے اور اس فیصلے کو اس کی روح کے مطابق نافذ کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ دریں اثناء کیبل آپریٹرز کو الگ سے پیمرا اتھارٹی کے فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ پیمرا اتھارٹی میٹنگ میں پنجاب ٹی وی کی طرف سے گزشتہ دو برسوں کے بقایا جات (دس لاکھ روپی) ادا نہ کرنے پر چینل کالائسنس معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں راولپنڈی ٹریفک پولیس کو سٹی پولیس ایف ایم ریڈیو کیلئے لائسنس فیس جمع کرانے کا ایک اور موقع دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت پیمرا چیئرمین ابصار عالم نے کی جبکہ اس میں شرکت کرنے والے ارکان میں سیکرٹری داخلہ عارف احمد خان، چیئرمین ایف بی آر نثار محمد خان، چیئرمین پی ٹی اے سید اسماعیل شاہ، نرگس ناصر (رکن پیمرا پنجاب) اور شاہین حبیب اللہ (رکن پیمرا خیبر پختونخوا) بھی شامل تھیں۔ اتھارٹی کے اجلاس میں 120 ویں اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔

متعلقہ عنوان :