فیصل آباد :لیبارٹری سکولز و کالج سسٹم اور شعبہ بائیوکیمسٹری کے اشتراک سے ہیپاٹائٹس سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد

بیماری کے حوالے سے سکولز و کالج میں زیرتعلیم بچوں و بچیوں کی مکمل سکریننگ کا فیصلہ ،عوامی سطح پر اس کا شعور اُجاگر کرنے کے عزم

جمعہ 23 دسمبر 2016 23:24

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 دسمبر2016ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں لیبارٹری سکولز و کالج سسٹم اور شعبہ بائیوکیمسٹری کے اشتراک سے ہیپاٹائٹس سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں بیماری کے حوالے سے سکولز و کالج میں زیرتعلیم بچوں و بچیوں کی مکمل سکریننگ کا فیصلہ کرنے کے ساتھ عوامی سطح پر اس کا شعور اُجاگر کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

یونیورسٹی کے نیو سینٹ ہا ل میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سوشل انٹی گریشن پروگرام کے تحت منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ملک کی 7فیصدآبادی ہیپاٹائٹس سے متاثرہے لہٰذا مزید آبادی کو اس سے بچانے کیلئے نچلی سطح پر آگاہی کا سلسلہ آگے بڑھانا انتہائی ضروری ہے۔ سیمینار سے اپنے صدارتی خطاب میں پرنسپل آفیسرسکولز ڈاکٹر خلیل الرحمن نے کہا کہ پورے صوبے میں سمندری‘ گوجرہ اور فیصل آباد ہیپاٹائٹس کے حوالے سے علیحدہ پہچان رکھتے ہیں لہٰذا ان علاقوں کے رہائشیوں میں خصوصی طور پر ہیپاٹائٹس کے حوالے سے شعور پہنچانا اشد ضروری ہے جس کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے توسط سے یونیورسٹی اس کام کو نچلی سطح تک لیجائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اُبلے ہوئے پانی کے استعمال کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ متحرک طرزِ زندگی اور متوازن خوراک کے ساتھ صحت مند زندگی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ڈاکٹر اعجازاختر نے بتایا کہ دنیا میں اس موذی بیماری سے 2.6فیصد لوگ متاثر ہیں لہٰذا اپنے طرز زندگی میں تبدیلی لاتے ہوئے صحت افزاء اور متوازن غذا کا استعمال یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ احتیاط علاج سے بہتر کی حکمت عملی اپناتے ہوئے خود کو بیماری کی وجہ بننے والے عوامل سے دور رکھنے کی ضرورت ہے۔ سیمینار سے حمزہ ندیم‘ ابوبکر طیب‘ خدیجہ ناصر‘ ڈاکٹر رضوان احمد‘ ڈاکٹر نازش جہاں ‘ ڈاکٹر ظہور الحسن ڈوگر ‘ سیف اللہ سیف اور الوینہ حسیب نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :