پنجا ب فوڈ اتھارٹی کی ناقص اشیاء خوردونوش بیچنے والوں کے خلاف کاروائی، 3360 ایکسپائر بوتلیں، 1176جوس کے ڈبے تلف

پانی کے 317، دودھ کے 27 اوربچوں کی اشیاء خوردونی کی7 نمونے لیبارٹری تجزیے کے لیے روانہ ،جلد رپورٹ جاری کی جائے گی حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی، ناقص صفائی، میڈیکل سرٹیفیکیٹ کی عدم موجودگی پر مختلف ہوٹلوں کو وارننگ، 58ہزار کے جرمانے

جمعہ 23 دسمبر 2016 23:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 دسمبر2016ء) صحت مند پنجاب پروگرام کے تحت پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ناقص اشیاء خوردونوش بنانے اور بیچنے والوں کے خلاف کاروائی جاری ہے۔ اس ضمن میں اشیاء خوردونوش کے میعار کا تجزیہ کرنے کے لیے پانی ، دودھ اور اشیاء خوردنی، بالخصوص بچوں کے کھانے والی چیزوں کے سیمپل لے کر لیبارٹری تجزیہ کروایاجارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اب تک پانی کے 317، دودھ کے 27 اور بچوں کی اشیاء خوردنی کے 7نمونوں کا تجزیہ جاری ہے۔ تجزیہ مکمل ہوتے ہی صحت بخش اور ناقص اشیاء کی مکمل فہرست جاری کر تے ہوئے ناقص اشیاء بنانے والی فیکٹریوں کو سیل کر دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں سمن آباد ٹائون کی ٹیم نے بند روڈ پر اے بی ایس انٹرپرائزز میں موجود ایکسپائر فانٹا کے 560 ڈبے اور رانی جوس کے 196 ڈبوں کا اسٹاک سر بمہر کرتے ہوئے دکانداروں کو دفتر طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

نشتر ٹائون کی ٹیم نے گورمے فوڈ یونٹ نمبر 2 کوٹ لکھپت روڈ کا دورہ کرتے ہوئے اشیاء خورونوش کے پائوں کی سطح پر ،احاطے میں تمباکو نوشی ، ،ٹوٹے فرش ،زنگ آلود اور چکناہٹ سے بھرے برتن ،گندے کپڑوں سے اشیاء کو ڈھانپنے اور واشنگ ایریاکے گندے ہونے پر 25000 روپے جرمانہ اور تین دن کی وارننگ جبکہ کراچی فش کارنر کو غیر تسلی بخش حالت پر4000 روپے جرمانہ کیا۔

واہگہ ٹائون کی ٹیم نے اڈا چھبیل میں بھولا سویٹس اینڈ بیکرز کو زائدالمیعاد مٹھائیوں کی فروخت پر 3000 روپے جرمانہ کیاجبکہ شکیل ہوٹل کو 3000 روپے جرمانہ کیا۔عزیز بھٹی ٹائون میں میاں ملک اینڈ قصوری فالودہ شاپ کو اشیاء خورونوش کو نہ ڈھانپنے ،انسداد حشرات کے ناقص انتظامات اور مکھیوں کی موجودگی پر 3000 روپے اورضرار شہید روڈ پر داتا علی ہجویری نان شاپ کو 4000 روپے جرمانہ کیا۔

داتاگنج بخش ٹائون کی ٹیم نے پٹیالہ ہائوس میں ایم نذیر ہوٹل کو میڈیکل سرٹیفکیٹ کی عدم موجودگی،گندہ واشنگ ایریا اور صفائی کی غیر تسلی بخش صورتحال پر 5000 روپے جبکہ سرفراز ہوٹل اینڈ جوس کارنر کو5000 روپے جرمانہ کیا۔گلبرگ ٹائون کی ٹیم نے اے بلاک ماڈل ٹائون میں فینسی سویٹس اینڈ سموسہ شاپ کوکھانے پینے کی اشیاء پر مکھیوں کی موجودگی ،صفائی کی ناقص صورتحال،فرش پر آٹے کی موجودگی ا ور سر کو نہ ڈھانپنیپر 1500 روپے جرمانہ کیا۔

برکت مارکیٹ گارڈن ٹائون میں گوگا نقیبیہ مرغ چنے کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیا گیا تاہم اے بلاک ماڈل ٹائون میں واقع گوگا نقیبیہ پر اشیاء خورونوش کو پائوں کی سطح پر رکھنے،صفائی کی غیر تسلی بخش حالت،احاطے میں صفائی کے ناقص انتظامات ،اشیاء خوردونوش کی تاریخ تیاری درج نہ ہونے اور واشنگ ایریاکے گندے ہونے پر 5000 روپے جرمانہ کیا۔شالیمار ٹائون میں اکواناپیوریفائیڈ ڈرنکنگ واٹر کو فلٹر کی تبدیلی کے ریکارڈ کی عدم موجودگی پر مزید بہتری کے احکامات جاری کیے۔راوی ٹائون کی ٹیم نے جیو بٹ سویٹس جبکہ اکبری منڈی میں سپریم کینڈی ،کوکو کپ (چاکلیٹ بسکٹ)،فش ببل گم کے نمونہ جات حاصل کر کے تجزیئے کے لئے لیبارٹری روانہ کر دیئے۔