حلب اور برما میں مسلمانوں کی نسل کشی کرنیوالوں کے خلاف ہر سطح پر جدوجہد امت مسلمہ پر فرض ہے‘ پاکستان علماء کونسل

عرب ممالک میں بیرونی مداخلت سے دنیا کا امن تباہ ہو رہا ہے ، بشار الاسد کی جابرانہ حکومت کو قائم رکھنے کیلئے لاکھوں شامی مسلمانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے ، ترکی ، سعودی عرب ، پاکستان اور قطر کو برما اور شام کے مسلمانوں کی بقاء اور سلامتی کیلئے فوری کردار ادا کرنا ہو گا، شام اور عراق کی تباہی کے بعد بحرین اور یمن میں مداخلت کا اعلان عالمی اور مسلم دنیا کیلئے لمحہ فکریہ ہے‘ مقررین کا احتجاجی مظاہروں سے خطاب

جمعہ 23 دسمبر 2016 23:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 دسمبر2016ء) حلب اور برما میں مسلمانوں کی نسل کشی کرنے والوں کے خلاف ہر سطح پر جدوجہد امت مسلمہ پر فرض ہے ،عرب ممالک میں بیرونی مداخلت سے دنیا کا امن تباہ ہو رہا ہے ، بشار الاسد کی جابرانہ حکومت کو قائم رکھنے کیلئے لاکھوں شامی مسلمانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے ، ترکی ، سعودی عرب ، پاکستان اور قطر کو برما اور شام کے مسلمانوں کی بقاء اور سلامتی کیلئے فوری کردار ادا کرنا ہو گا، شام اور عراق کی تباہی کے بعد بحرین اور یمن میں مداخلت کا اعلان عالمی اور مسلم دنیا کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں اور اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی۔ پاکستان علماء کونسل کی ذیلی تنظیم وفاق المساجد پاکستان سے متصل چوہتر ہزار سے زائد مساجد میں متفقہ قراردادوں میں اقوام متحدہ اور اسلامی سر براہی کانفرنس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ حلب کی عوام کو واپس حلب میں بسانے کیلئے فوری کردار ادا کیا جائے اور روسی اور ایرانی مداخلت شام میں فی الفور ختم کی جائے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح برما کے مظلوم مسلمانوں کی ہر طرح سے امداد کی جائے اور برما کی حکومت کی طرف سے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو بند کروایا جائے ۔ لاہور میں ندائے حلب کانفرنس کے بعد اجتماعی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ امریکہ ، روس اور ایران مل کر اسلامی ممالک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں ۔

شام کی عوام کی جمہوری جدوجہد کو کچلنے کیلئے داعش کو تیار کیا گیااور پھر داعش کے نام پر شام کی عوام کا قتل عام کیا گیا۔ داعش مسلمانوں کی نہیں مسلمانوں کے قاتلوں اور دشمنوں کی تنظیم ہے ۔ داعش کے افکار کا اسلام اور مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی انسانی حقوق کے ادارے برما ، کشمیر ، حلب اور فلسطین کی صورتحال پر کیوں خاموش ہیں۔

انہیں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کیوں نظر نہیں آتے ۔ انہوں نے کہا کہ برما اور شام کا مسئلہ فرقہ وارانہ نہیں ظالم اور مظلوم کا ہے ۔ اس لیے مسلم امة کو شام اور برما کے مظلوم عوام کی مدد کیلئے اٹھ کھڑے ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عالم اسلام کی صورتحال پر 26 دسمبر کو کراچی میں ’’وحدت امت کانفرنس‘‘ منعقد ہو گی ۔ دریں اثناء پاکستان علماء کونسل کے وائس چیئرمین مولانا ایوب صفدر (گوجرانوالہ) ، مولانا عبد الکریم ندیم (خان پور) ، مولانا زاہد محمود قاسمی (فیصل آباد) ، مولانا عبد الحمید وٹو (قلعہ دیدار سنگھ) ، مولانا اسد اللہ فاروق (لاہور)، مولانا عبد الحمید صابری (اسلام آباد)، مولانا اسعد زکریا (کراچی )، مولانا عبد اللہ مدنی (آزاد کشمیر)،مفتی وحید احمد سواتی (کوئٹہ) ،مولانا محمد امجد ، مولانا شبیر احمد عثمانی (فیصل آباد)، مولانا خلیل احمد سراج (ڈیرہ اسماعیل خان ) ، مولانا انوارالحق مجاہد (ملتان )، مولانا سعد اللہ شفیق (رحیم یار خان ) مولانا شفیع قاسمی (ساہیوال) ، مولانا نعمان حاشر (راوالپنڈی)، مولانا وقار عثمانی (سرگودھا) ، مولانا رسال الدین (قصور ) ، مولانا احمد مکی (مظفر گڑھ) ، مولانا مفتی عمر فاروق (خانیوال)، سید عبد الغفار شاہ حجازی (لودھراں)، مولانا شکیل الرحمن (اوکاڑہ)، مولانا طارق ندیم (پاکپتن) ، میاں راشد منیر (سیالکوٹ)، مولانا عمر عثمانی (گجرات) ، مولانا ابو بکر حمزہ (چکوال)، قاری وحید احمد فاروقی (ناروال) ، مولانا سعد اللہ لدھیانوی (ٹوبہ ٹیک سنگھ)، حاجی محمد طیب (ننکانہ )میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عراق ، لیبیا ، شام ، یمن کی تباہی کے بعد دشمنان اسلام کا ہدف ارض حرمین الشریفین مکتہ المکرمہ ، مدینتہ المنورہ اور مملک سعودی عرب ہے ۔

پاکستانی عوام ، سیاستدان ، مذہبی قائدین اور مسلح افواج ہر ہر لمحہ ارض حرمین الشریفین اور مملکت سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کے دفاع کیلئے سر بکف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مملکت سعودی عرب کی قیادت نے ہمیشہ فرقہ واریت اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف اور امت مسلمہ کے اتحاد اور وحدت کیلئے جدوجہد کی ہے اور مسلمانوں کے اتحاد کی کوششوں کو کمزور کرنے کیلئے مملکت سعودی عرب پر حملہ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔