میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کا آٹھواں اجلاس

اسلام آباد میں پانی کا ضیاع کرنیوالوں کو نوٹس دینے کے علاوہ پانچ ہزار جرمانہ عائد کرنے کی متفقہ طور پر منظوری اسلام آباد میں پانی کے مسئلے، سینی ٹیشن سروسز اور اسلام آباد میں قائم کھوکھوں سمیت دس نکاتی ایجنڈہ پیش کیا گیا پانی ،سینی ٹیشن اور کھوکھوں سے متعلق تفصیلی بحث، باقی ماندہ پوائنٹس پر بحث اگلے اجلاس تک موخر کر دی گئی

جمعہ 23 دسمبر 2016 23:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 دسمبر2016ء) میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کا آٹھواں اجلاس میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کی زیرِ صدارت پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں ہوا۔ اجلاس میں میٹرو پولیٹین کارپوریشن کے ڈپٹی میئر چوہدری رفعت جاوید، سید ذیشان نقوی اور اعظم خان کے علاوہ چیف آفیسر ایم سی آئی اسد محبوب کیانی اور ایم سی آئی کے تمام ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران اسلام آباد میں پانی کے مسئلے، سینی ٹیشن سروسز اور اسلام آباد میں قائم کئے گئے کھوکھوں سمیت دس نکاتی ایجنڈہ پیش کیا گیا تاہم اجلاس میں پانی ،سینی ٹیشن اور کھوکھوں سے متعلق تفصیلی بحث کی گئی اور ایم سی آئی کے ممبران نے اپنی تجاویز کے علاوہ مختلف مسائل کی نشاندہی کی۔

(جاری ہے)

ایجنڈے کے باقی ماندہ پوائنٹس پر بحث اگلے اجلاس تک موخر کر دی گئی۔

اس موقع پر میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ ایم سی آئی کے تمام ممبران کی کاوشوں کے باعث اسلام آباد میں پانی کی کمی پر قابو پانے کے لیے بڑے موئثر اقدامات اٹھائے گئے جن کے باعث شہریوں کو ریلیف ملا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ کم بارشوں کے باعث زیرِ زمین پانی کی سطح کم ہونے اور سملی ڈیم اور خانپور ڈیم میں پانی کے ذخیرے میں روز افزوں کمی کی وجہ سے ابھی چند ایک مسائل کا سامنا ہے مگر انہیں بھی جلد حل کر لیا جائیگا۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ انہوں نے میئر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پانی جیسی بنیادی ضرورت کو سرِ فہرست رکھا اور یہی وجہ ہے کہ آج ایم سی آئی کی طرف سے ڈپٹی میئر اعظم خان کی سربراہی میں بنائی جانے والی کمیٹی نے قلیل وقت میں خراب ٹیوب ویلز، موٹریں اور بوسیدہ لائنوں کی مرمت کروا کر شہریوں کو پانی کی وافر مقدار میں سپلائی کو ممکن بنایا ہے۔

اجلاس میں متفقہ طور پر اسلام آباد میں پانی کا ضیاع کرنے والوں کو نوٹس دینے کے علاوہ پانچ ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد میں صفائی کے نظام کو جدید طرز پر استوار کرنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے قیام تک اسلام آباد کے دیہی علاقوں کی صفائی کے لئے کنٹریکٹر کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں اور تمام قواعد و ضوابط پورے کرنے کے بعد آئندہ دو ماہ کے اندر اسلام آباد کی دیہی علاقوں کی تمام یونین کونسلز میں شہری علاقوں کی طرح روزانہ کی بنیاد پر صفائی شروع ہو جائے گی۔

اجلاس کے دوران اسلام آباد میں موجود485کھوکھوں سے متعلق میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ اب ان منظور شدہ کھوکھوں کے لیے ایم سی آئی باقاعدہ ایک ڈیزائن فراہم کرے گی جبکہ کھوکھوں کے لیے مختص کی جانے والی جگہ کے علاوہ کسی کو بھی تجاوزات کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر یونین کونسل کا چیئرمین اپنے علاقے میں موجود کھوکھوں کے علاوہ صفائی اور پارکوں کی دیکھ بھال کے لیے موئثر مانیٹرنگ کریں کیونکہ انہوں نے اپنے اپنے علاقے کے تمام چیئرمین یونین کونسلز کو اختیارات تفویض کر دیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم شہریوں کو فراہم کی جانے والی تمام بنیادی اور میونسپل سروسز کی بہتر فراہمی کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں ڈپٹی میئر اعظم خان نے پانی سے متعلق ہائوس کمیٹی کی رپورٹ پیش کی جسے سراہا گیا۔ دورانِ اجلاس اسلام آباد میں پانی کے مزید ذخائر بنانے کی مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال کے دوران میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کو درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے بعد صحیح سمت کا تعین کر لیا گیا ہے اور اب ایم سی آئی ایک روڈ میپ پر عملدرآمد کر تے ہوئے شہریوں کے دیرینہ مسائل حل کرے گی۔

متعلقہ عنوان :