عمرآن خان کی ٹوبہ ٹیک سنگھ،چیچہ وطنی ،اور کمیر میں پی ٹی آئی کے چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد

ہفتہ 24 دسمبر 2016 00:05

ٹوبہ ٹیک سنگھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 دسمبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمرآن خان نے پی ٹی آئی ویسٹ پنجاب کے صدر میاں محمد اشفاق اور کارکنان کو میونسپل کمیٹی کے الیکشن میں تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی۔ عمرآن خان کا کہنا تھا کہ ویسٹ ریجن پنجاب کی تین میونسپل کمیٹیوں ٹوبہ ٹیک سنگھ ،چیچہ وطنی ،اور کمیر میں پی ٹی آئی کے چیئرمین منتخب ہوئے ہیں اور یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ لوگ اب کرپٹ حکمرانوں سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا پی ٹی آئی ملک میں تبدیلی کی علامت ہے اور آئندہ انتخابات میں حکومت تحریک انصاف کی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا تحریک انصاف اگر حکومت میں آئی تو سب کا یکساں احتساب ہو گا اور جب تک ادارے مضبوط نہ ہوں کرپشن کا خاتمہ نہیں کیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چوہدری محمد اشفاق نے کہا کہ میونسپل کمیٹی کے الیکشن میں ٹو بہ کی عوام کی فتح ہوئی ہے اور اللہ تعالی نے ہمیں کامیابی عطاء کی ہے۔

آئندہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف ویسٹ ریجن میں کلین سویپ کریگی۔ انہوں نے کہا کہ ایک مثالی ٹیم ورک کے ساتھ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کے حل کیلئے انقلابی اقدامات عمل میں لائے جائیں گے،چوہدری محمد اشفاق نے مزید کہا کہ ویسٹ ریجن پنجاب کی تین میونسپل کمیٹیوں ٹوبہ ٹیک سنگھ ،چیچہ وطنی ،اور کمیر میں پی ٹی آئی کے چیئرمین منتخب ہوئے ہیں، اسی طرح میونسپل کمیٹی ماموں کانجن کے وائس چیئرمین کا تعلق بھی تحریک انصاف سے ہے۔

میاں کاشف اشفاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ٹو بہ سے تکبر اور غرور کی سیاست کا خاتمہ ہوا ہے ،ضلع کونسل میں شر مندگی کے بعد وقت کے فرعونوں کو میونسپل کمیٹی سے بھی شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے ،ہمارے نو منتخب نمائندے شہریوں کی خد مت میں کو ئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے،نو منتخب چیئرمین غلام نبی مٹھو گجر اور وائس چیئر مین سعید الرحمان طاہر نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں شہریوں اور دوسرے مرحلہ میں میونسپل کمیٹی کے ممبران نے انہیں منتخب کر کے جو ذمہ داری سونپی ہے اسے پورا کرنے کیلئے کو ئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔

ریلی سے ویسٹ ریجن پنجاب سینئر نائب صدر میجر (ر) غلام سرور، چوہدری سعید احمد سعیدی، سردار خاور خان گادھی، رانا حسن خاں، عامر رضا چوہان ایڈووکیٹ،عتیق الرحمان کھوکھر ایڈووکیٹ سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور موقع پر جیت کی خوشی میں مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔