شام میں امریکہ و یورپ کی شہ پر نہتے مسلمانوں کا خون بہا یاجارہا ہے، پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کو متحد ہو کر مضبوط آواز بلند کرنی چاہیے‘ حافظ محمد سعید

مسلمانوں کا قتل اور ظلم و بربریت رکوانا حکمرانوں کی ذمہ داری ہے، بی جے پی سرکار مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں کر رہی ہے غیر کشمیریوں کوجموں کشمیر میں آباد کرنے کی سازشیں اسی سلسلہ کی کڑی ہیں، پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ اور ان کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتی ہے‘ امیر جماعة الدعوة

ہفتہ 24 دسمبر 2016 00:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 دسمبر2016ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ شام میں امریکہ و یورپ کی شہ پر نہتے مسلمانوں کا خون بہا یاجارہا ہے، پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کو متحد ہو کر قتل و غارت گری کیخلاف مضبوط آواز بلند کرنی چاہیے ،مسلمانوں کا قتل اور ظلم و بربریت رکوانا حکمرانوں کی ذمہ داری ہے، بی جے پی سرکار مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں کر رہی ہے، غیر کشمیریوں کوجموں کشمیر میں آباد کرنے کی سازشیں اسی سلسلہ کی کڑی ہیں، پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ اور ان کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

وہ جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران ہزاروں افراد کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

جماعةالدعوة کے زیر اہتمام ملک بھر کی مساجد میں شام میں قتل و غارت گری اور مقبوضہ کشمیر میں غاصب بھارت کی طرف سے آبادی کا تناسب بگاڑنے کی کوششوں کو موضوع بنایا گیااور مذمتی قراردادیں پاس کی گئیں۔ جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ شام میں قتل و غارت گری کے مسئلہ پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہیے۔

یہ سعودی عرب یا ایران نہیں مسلمانوں کے خون ، قتل اوربے گناہ انسانوں پر ظلم کا مسئلہ ہے۔بشار حکومت کی بربریت کی وجہ سے لاکھوں کی تعداد میں مسلمان اپنے گھر بار چھوڑ کر ہجرت پر مجبور ہوئے ہیں۔ ان کے پاس کھانے کیلئے کچھ نہیں اور وہ کھلے آسمان تلے بے کسی کے عالم میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ اسی طرح ہزاروں کی تعداد میں مسلمانوں کو شہید کیا جارہا ہے۔

ایک ایک مسلمان کے خون کی ذمہ داری مسلم حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے۔ انہیں چاہیے کہ وہ بشار الاسد اور ان کے اتحادی ملکوں سے بات کریںاور نہتے شامی مسلمانوں کا قتل رکوائیں۔انہوںنے کہاکہ افسوسناک امر یہ ہے کہ حلب کی تباہی پر بعض ملکوں میں جشن منائے جارہے اور مٹھائیاں تقسیم کی جارہی ہیں۔دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ حلب کی بربادی کے بعد اگلا قدم شام کے دوسرے شہر اور پھرسعودی عرب ہو گا۔

یہ مسلم امہ کیخلاف بہت بڑی سازش ہے۔ مسلم حکمرانو ں کو متحد ہو کر شام کے مسئلہ پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ شام مسلمانوں کا بہت اہم ملک ہے جہاں مسلمانوں کا خون بہایاجارہا ہے۔ اس علاقہ کی تاریخی حیثیت کو مدنظر رکھتے ہوئے منظم منصوبہ بندی کے تحت یہاں قتل و غارت گری کو پروان چڑھایا گیا ۔یہ سب کچھ صلیبی و یہودی ایجنڈے کے تحت کیا جارہا ہے۔

امریکہ و یورپ نے داعش جیسی دہشت گرد تنظیم کوشام میں مضبوط کیا جو سب سے زیادہ فساد برپا کر رہی ہے۔ حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ سعودی عرب اور ترکی کے ساتھ مل کر شام کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرے۔ حافظ محمدسعید نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں آٹھ لاکھ بھارتی فوج بدترین ظلم و ستم ڈھا رہی ہے۔ غیر کشمیریوں کو وہاں آباد کر کے مسلم آبادی کا تناسب بگاڑنے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن اس سب کے باوجود امریکہ و یورپ نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کیلئے بھارت سرکار کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔

کشمیر ، فلسطین ہو یا شام اور برما ہر جگہ دشمن قوتیں محض اسلام دشمنی کی بنیاد پرمسلمانوں کا خون بہا رہی ہیں۔ کافر قوتیں متحد اور مسلمان ٹکڑوں میں تقسیم دکھائی دیتے ہیں۔مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی اللہ تعالیٰ کو پسند نہیں ہے۔انہیں اللہ کے عذاب سے ڈرنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت پاکستان کو بھی انڈیا کی دوستی کو نہیں دیکھنا چاہیے۔

کشمیر میں خو ن بہہ رہا ہے اس لئے وہاں کے مسائل حل کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔ مسلمانوں کو امریکہ سے مسائل حل کرنے کی توقع نہیں رکھنی چاہیے۔ وہ تو خود خون بہا رہا ہے اور قتل و غارت گری کیلئے داعش جیسی تنظیموں کی سرپرستی کر رہا ہے۔ ہمیں مسلمانوں کے مسائل باہمی طور پر مل بیٹھ کر حل کرنے ہیں۔یہ بہت اہم مسئلہ ہے‘ اس پر چشم پوشی اختیار نہیں کی جاسکتی۔انہوںنے کہاکہ حکومتوں کو جھنجھوڑنا ہماری ذمہ داری ہے۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ حکمرانوں کو اپنی کرسیوں کی فکر ہے لیکن انہیںمسلمانوں کے مسائل کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ مسلم امہ کو متحد ہو کر کشمیر، فلسطین اور شام کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کرنی چاہیے۔