تعلیمی اصلاحات کے ذریعے مدارس کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے، مدارس میں نصاب کو جدید علوم سے ہم آہنگ بنانے کے لئے تمام مسالک کے علماء کرام پرمشتمل علما مشائخ کونسل قائم کی گئی ہے ، مدارس کی رجسٹریشن کاطریقہ کار آسان اور سادہ ہوناچاہیے ، بجٹ میں مدارس کے لئے فنڈز مختص کئے جانے چاہیے،

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی سردار محمدیوسف کا اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب

جمعہ 23 دسمبر 2016 15:32

تعلیمی اصلاحات کے ذریعے مدارس کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے، مدارس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی سردار محمدیوسف نے کہا ہے کہ تعلیمی اصلاحات کے ذریعے مدارس کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے، مدارس میں نصاب کو جدید علوم سے ہم آہنگ بنانے کے لئے تمام مسالک کے علماء کرام پرمشتمل علما مشائخ کونسل قائم کی گئی ہے ، مدارس کی رجسٹریشن کاطریقہ کار آسان اور سادہ ہوناچاہیے ، بجٹ میں مدارس کے لئے فنڈز مختص کئے جانے چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کویہاں وزارت مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نیکٹا کے اعلیٰ افسران نے قومی لائحہ عمل کے تناظر میں مدارس کی رجسٹریشن و ریگولیشن کے امور پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہاکہ مدارس کی رجسٹریشن اورریگولیشن کے نظام کو آسان بنانا ضروری ہے ،ماضی میں مدارس کے لئے فنڈز مختص کئے جاتے تھے اب بھی مدارس میں عصری علوم کی تعلیم دینے کے لئے بجٹ میں فنڈز مختص کئے جانے چاہئیں۔

انہوںنے کہاکہ مدارس کے نصاب کو جدید بنانے اور اس سے نفرت انگیز مواد نکالنے کے لئے علما مشائخ کونسل تشکیل دی گئی ہے ۔ مفتی منیب الرحمٰن اس کونسل کے کنوینر ہیں ۔ یہ کونسل جلد اپنی سفارشات وزارت مذہبی امورکو پیش کرے گی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ امور بلیغ الرحمٰن نے کہاکہ حکومت دینی مدارس کو قومی دھارے میں لانے کے لئے کئی اقدامات کررہی ہے ۔

وزارت مذہبی امور کو نفرت انگیز تقریروںاور نفرت انگیز مواد کی روک تھام کے لئے علمائے کرام سے مل کر لائحہ عمل مرتب کرنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان مدارس کی رجسٹریشن اور ریگولیشن پر کام کیا جارہاہے ۔انہوںنے کہاکہ دینی مدارس کے نصاب تعلیم کے حوالے سے علما مشائخ کونسل کا قیام احسن اقدام ہے، اس سے دینی مدارس میں تعلیم کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوںنے کہاکہ وزرائے تعلیم کی بین الصوبائی کانفرنس آئندہ ماہ ہو گی جس میں علمائے کرام کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ ملک بھر میں 18ہزار سکولوں میں غیر رسمی تعلیم دی جارہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ دینی مدارس میں بھی اس طرح کا تعلیمی نظام وضع کیاجاسکتاہے۔ اس موقع پر انہوںنے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ وہ ملک بھر میں قائم 32ہزار مدارس کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کرے۔