وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے قائم مقام آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہرکی ملاقات

آصف علی زرداری کی آمد کے موقع پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے ،لوگو ں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، وزیراعلیٰ سندھ

جمعرات 22 دسمبر 2016 22:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے قائم مقام آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر نے وزیرعلیٰ ہاوس میں ملاقات کی۔ ایڈیشنل آئی جی پولیس مشتاق مہر نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے آمد حوالے سے ٹریفک پلان سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے قائم مقام آئی جی سندھ پولیس کو ہدایت کی کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی آمد کے موقع پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ لوگو ں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مشتاق مہر نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ سابق صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کراچی ائیرپورٹ ٹرمینل 1 پر تشریف لائیںگے۔ٹریفک پولیس نے عوام کی سہولت کیلئے ٹریفک کے متبادل انتظامات کئے ہیں۔

(جاری ہے)

کلفٹن و ڈیفنس کے رہائشی ائیر پورٹ جانے کیلئے ہینو چورنگی، کورنگی انڈسٹریل ایریا روڈ، مرتضٰی چورنگی سے لنک روڈ اور ملیر سٹی تھانہ سے ملیر ہالٹ ، ماڈل کالونی روڈ سے ائیرپورٹ روڈ کا استعمال کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ حضرات جو لیاقت آ باد اور گلشن کے علاقے سے ائیر پورٹ جانا چاہیں تو وہ یونیورسٹی روڈ ، صفورہ ، ملیر کینٹ سے چیک پوسٹ نمبر 6 ، ماڈل کالونی سے ائیرپورٹ روڈ کا استعمال کریں گے۔ انہوں نے ہسپتالوں کے روٹ کے حوالے سے بتایا کہ ضیاء الدین ہسپتال جانے کیلئے سی ویو روڈ اور چائنہ چورنگی کا استعمال کریں گے۔ سائوتھ سٹی ہسپتال جانے کیلئے بحریہ انڈر پاس کا استعمال کریںگے۔

کلفٹن و ڈیفنس کے رہائشی جناح ہسپتال جانے کیلئے چوہدری خلیق الزمان روڈ، للی برج، کینٹ سے اسکول روڈ کا استعمال کریں گے اور لانڈھی کورنگی والے حضرات کورنگی روڈ سے CSD سے بائیں جانب جناح ہسپتال جاسکیں گے، جبکہ گارڈن اور صدر وغیرہ کے رہائشی صدر سے ہوتے ہوئے اسپتال جاسکیں گے۔ لیاقت نیشنل اور آغا خان ہسپتال جانے کیلئے یونیورسٹی روڈ، نیوٹائون سے اسٹیڈیم روڈ کا استعمال کریںگے، اور ایسٹ و ملیر سے آنے والے ملیر ہالٹ ، ماڈل کالونی روڈ سے لنک روڈ ، ملیر کینٹ چیک پوسٹ نمبر6 ،صفورہ سے یونیورسٹی روڈکا استعمال کریںگے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مذکورہ بالا جلسہ کو مدنظر رکھتے ہوئے جلسے کے روٹ پر جانے سے گریز کیا جائے اورمتبادل روٹ کا انتخاب کریں تاکہ ہر قسم کی پریشانی سے بچا جاسکے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تمام ہیوی ٹریفک کو جناح برج سے پنجاب کالونی وسن سیٹ بلیوارٹ کورنگی روڈ کی طرف آنے کی اجازت نہیں ہوگی اسے ماڈی پورروڈ سے ناردرن بائی پاس کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

اسی طرح نیشنل ہائی وے سے کورنگی انڈسٹریل ایریا روڈ پر بھی ہیوی ٹریفک کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کسی بھی قسم کی گاڑی کو سڑک پر پارک کرنے سے گریز کیا جائے اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کیا جائے اور کسی بھی پریشانی یا ٹریفک جام کی صورت میں ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915پر کال کریں اسکے علاوہ ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ نمبر0305-9266907 ، سندھ پولیس ریڈیوچینل FM-88.6 ٹیون کریں اور فیس بک پیج www. facebook.com/karachitrafficpolice سے ٹریفک سے متعلق معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

قائم مقام آئی جی سندھ نے بریفنگ میں مزید بتایا کہ ٹریفک کے انتظامات ایسے کیے گئے ہیں کہ کسی بھی علاقے کی آمدو رفت کا راستہ متاثر نہیں ہوگا ، اگر اس پلان پر عملدرآمد کیا گیا تو پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی آمد کے موقع پر شہر میں ٹریفک کا نظام متاثر نہیں ہوگا اور نہ ہی ٹریفک کی روانی میں کوئی خلل پیدا ہو گا ۔