البراک گروپ آف کمپنیز کے اشتراک سے لوکاسٹ ہائوسنگ سکیمز کی تکمیل کے لئے کیبنٹ کمیٹی کا اجلاس

لاہور میں تین نئے کمرشل پلازے تعمیر ہوںگے جن کی آمدنی سستے مکانات کے منصوبوں پرخرچ کی جائے گی

جمعرات 22 دسمبر 2016 22:14

البراک گروپ آف کمپنیز کے اشتراک سے لوکاسٹ ہائوسنگ سکیمز کی تکمیل کے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2016ء) جمہوریہ ترکی کے البراک گروپ آف کمپنیز اور حکومت پنجاب کے مابین ہائوسنگ سیکٹر میں اشتراک عمل کو فروغ دینے کیلئے وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی جانب سے تشکیل دی گئی کیبنٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس اے سی ایس کانفرنس روم سول سیکرٹریٹ لاہور میں منعقد ہوا جس میں صوبائی دارالحکومت لاہور کے تین بارونق علاقوں میں سرکاری اراضی کی مارکیٹ ریٹ پر خرید اور وہاں کثیر المنزلہ (ملٹی سٹوری )کمرشل پلازے تعمیر کرنے کے منصوبے کے عملی پہلو ئوں کا جائزہ لیاگیا- تینوں کمرشل پلازوں کی تکمیل کے بعد ان سے حاصل ہونے والی آمدنی صوبے کے مختلف شہروں میں کم آمدنی والے بے گھر عوام کو سستے داموں سرچھپانے کی جگہ فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ ،سیکرٹری ہائوسنگ خرم آغا، ڈا ئریکٹر جنرل ایل ڈی اے زاہد اختر زمان، پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی معظم اقبال سپرااور چیف ایگزیکٹو آفیسر اربن یونٹ ڈاکٹر ناصر جاوید کے علاوہ صوبائی وزیرہائوسنگ ،اربن ڈویلپمنٹ ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ،پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ملک ندیم کامران نے بھی شرکت کی-اجلاس میں البراک گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین احمت البراک کی قیادت میں گزشتہ دنو ں وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کے ساتھ ملاقات کرنے والے ترک وفد کی جانب سے پنجاب کے ہائوسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کے اظہار کا بھرپو رخیر مقدم کیاگیا او راس سلسلے میں لوکاسٹ ہائوسنگ سکیمز کے تعین کے علاوہ ان لوکاسٹ سکیمز کے لئے فنڈز جنریٹ کرنے کی غرض سے لاہور شہر میں البراک کمپنی کے اشتراک سے تین مختلف کمرشل پلازے تعمیر کرنے کے منصوبے کی موزونیت(Feasiblity )اور دیگر تکنیکی پہلوئوں کی تفصیلات طے کرنے کے علاوہ مجوزہ کمرشل پلازوں کے لئے اراضی کی نشاندہی، مارکیٹ ریٹ کے مطابق قیمت کی اسسمنٹ او رٹرانزیکشن سٹرکچر ماڈل سمیت مختلف امور پر غور کیا گیا-اجلاس میں سیکرٹری ہائوسنگ پنجاب کی سربراہی میں ایک سب کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا جو تمام تکنیکی امور کی تکمیل اور لوکاسٹ ہائوسنگ سکیم سمیت پورے منصوبے کی ایگزی کیوٹنگ ایجنسی کا تعین کرے گی-اس رپورٹ کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد کیبنٹ کمیٹی اپنی تجاویز وزیراعلی پنجاب کو حتمی منظوری کے لئے بھجوائے گی-ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ نے اس موقع پر کہاکہ موجودہ حکومت کی ٹھو س معاشی پالیسیوں کے باعث بیرونی سرمایہ کاروں کے اعتماد بحال ہواہے -پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور وزیراعلی محمد شہبازشریف کی متحرک قیادت میں صوبہ پنجاب میں ملکی اورغیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے نہایت سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہی-انہوں نے اس توقع کا اظہارکیا کہ دوست ملک ترکی کے البراک گروپ آف کمپنیز کے اشتراک سے پنجاب کے عوام کو ارزاں قیمت کے گھربڑے پیمانے پر فراہم کرنے کا خواب پورا کیاجائے گا۔