بلدیاتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی ،وزیراعظم کی پارٹی کارکنوں، عہدیداروں ،ووٹروں کو مبارکباد

عوام نے ترقیاتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا، منتخب میئرز، چیئرمین نچلی سطح پر عوام کے مسائل بہتر طور پر حل کرسکیں گے، محمد نواز شریف

جمعرات 22 دسمبر 2016 22:14

بلدیاتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی ،وزیراعظم کی پارٹی کارکنوں، ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2016ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے پنجاب بھر میں بلدیاتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارٹی کارکنوں، عہدیداروں اور ووٹروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے ترقیاتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا، منتخب میئرز، چیئرمین نچلی سطح پر عوام کے مسائل بہتر طور پر حل کرسکیں گے۔

ایک بیان میں وزیراعظم نے پارٹی کارکنوں کی محنت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے مسلم لیگ (ن) کی ترقیاتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کیلئے بلدیاتی اداروں کے منتخب نمائندوں کی بڑی ذمہ داریاں اور فرائض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے منتخب میئرز اور چیئرمین نچلی سطح پر عوام کے مسائل کو بہتر طور حل کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موثر بلدیاتی نظام کے بغیر دنیا کی کوئی جمہوریت بہتر طور کام نہیں کر سکتی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایک مضبوط اور بہتر پاکستان کیلئے ہماری روشن خیال پالیسیوں کا عوام نے کھلے دل سے خیر مقدم کیا ہے جنہوں نے ہمیں ووٹ دیئے۔ وزیراعظم نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ منتخب نمائندے اپنی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت کریں گے۔