شہر کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا‘ جان محمد بلوچ

جمعرات 22 دسمبر 2016 22:06

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ شہر کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، پاکستان کی دیگر قوموں کی مانند مسیحی برادری بھی پاکستانی شہری ہیں اور دیگر قوموں کی طرح مساوی حقوق رکھتے ہیں۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ ملیر انتظامیہ کی جانب سے منعقدہ تقریب کے موقع پر کرسمس کیک کاٹنے اور کرسمس گفٹ تقسیم کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کو اپنے حقوق کی کھلی آزادی ہے کہ اپنا تہوار مذہبی طریقے سے منائیں، اقلیتی برادری نے پاکستان کے مفادات کو ہمیشہ اپنے ذاتی مفادات پر ترجیحی دی ہے، مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں اور سب کو کرسمس کی مبارکباددیتا ہوں۔

(جاری ہے)

رکن سندھ اسمبلی لال چند کروھانی نے ضلع ملیر انتظامیہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مسیحی برادری کو ایک خوبصورت تحفہ دیا ہے۔

اقلیتی کونسلر یو سف غوری نے کہا کہ چیئرمین و وائس چیئرمین بلدیہ ملیر کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کیلئے تقریب منعقد کی، مستحق بھائیوں، بہنوں میں راشن تقسیم کیا اور مسیحی ملازمین کو 21 دسمبرکو تنخواہ دینا قابل تشکر اقدام ہے۔ اس موقع پرمنارٹی ونگ مشتاق مٹو، فادر صالح ڈیاگو، وائس چیئرمین بٹھائی آباد امانت ضیاء نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :