نئی کے الیکٹرک انتظامیہ بجلی کی فراہمی، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے نظام کو اپ گریڈ کرے‘ وزیراعلیٰ سندھ

جمعرات 22 دسمبر 2016 22:06

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کے الیکٹرک کی نئی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ بجلی کی فراہمی، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے نظام کو اپ گریڈ کریں تاکہ کراچی کے شہریوں کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے۔ جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے کے الیکٹرک کی نئی انتظامیہ کے ایک وفد سے باتیں کرتے ہوئے کہی جنہوں نے کے الیکٹرک کے نائب صدر ژی میژنگ کی سربراہی میں وزیراعلیٰ ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔

وفد کے دیگر اراکین میں سی ایف او چن وین ھائو، پروجیکٹ کے ہیڈ شائی منگویل، ہیڈ آف جنریشن پان لومنگسن، چیف جنریشن اینڈ ٹرانسمیشن آفیسر ڈالی سنکلر تھے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری نوید کامران بلوچ اور سیکریٹری انرجی آغا واصف بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ کے الیکٹرک کے مکمل نظام بشمول جنریشن، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوںنے کہاکہ آپ کو چاہئے کہ آپ کچی آبادیوں میں رہنے والے لوگوں کو خصوصی ترغیبات دیتے ہوئے ان کے ٹیرف میں کمی کریں تاکہ ہر ایک صارف اپنا بجلی کا بل ادا کر سکے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ وہ مختلف ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے لئے سخت محنت کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اگلے سال نوری آباد میں ایک پاور پروجیکٹ 100 میگا واٹ بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا۔

انہوں نے کہاکہ میں نے وفاقی حکومت سے درخواست کی ہے کہ اسے گیس فراہم کر ے تاکہ اس کی پیداواری گنجائش دگنی ہو سکے اور وفاق نے اس حوالے سے انہیں یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ کے الیکٹرک کے نائب صدر ژی میژنگ نے کہاکہ انہوںنے کے الیکٹرک کی ٹیکنگ اوور کا عمل شروع کر دیا ہے جس کے لئے ان کی کمپنی پاور ٹیرف میں ترغیباتی پلان پر کام کر رہی ہے اور وہ کمیونٹی ڈیولپپمنٹ کے لئے حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ان کی کمپنی شنگھائی پاور سپلائی کمپنی دنیا کی بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہاکہ شنگھا ئی چائینہ کا صنعتی حب ہے اور وہ وہاں کے صنعتی یونٹس، تجارتی علاقوں اور گھریلو صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ان کی کمپنی کے الیکٹرک کے مکمل نظام میں اضافے اور بہتری کے لئے 9 بلین ڈالر تک کی سرمایہ کاری کرے گی اور غریب گھریلو صارفین کے لئے پیکیچ کا بھی اعلان کرے گی۔

انہوںنے کہا کہ ہمارا منصوبہ ہے کہ انہیں بلاتعطل بجلی فراہم کر کے تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہاکہ کمپنی کی یہ ہر ممکن کوشش ہو گی کہ شہر میں ہر ایک کے لئے بجلی کو سستا بنائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ پاور ٹیرف میں کمی اور بجلی کے ریٹس کم کرنا کمپنی کے مفاد میں ہو گا کیونکہ ہر ایک صارف بجلی کا بل ادا کر سکے گا۔ انہوں نے کہاکہ آپ کمپنی کے لائن نقصانات کو کم کریں تاکہ اس کے فوائد صارفین کو حاصل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی ہر ایک کے بس کی بات نہیں ہے لہذا لوگ بجلی کے استعمال میں غیر قانونی طریقے استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کے الیکٹرک کی نئی انظامیہ کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :