پاکستان بوائے اسکائوٹس اور سندھ بوائے اسکائوٹس کے زیر اہتمام ہفتہ قائد کی تقریبات کا آغاز

اسکائوٹس نے قائد اعظم کی جائے پیدائش وزیر مینشن ، گورنر ہائوس، اسٹیٹ بینک ، حبیب بینک اور سندھ مدرستہ الا سلام کا بھی دورہ کیا

جمعرات 22 دسمبر 2016 21:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2016ء) قائد اعظم کے فرمودات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ، پاکستان اللہ کا انعام ہے اس کو مضبوط بنانا ہمارا مشن ہے کیونکہ مضبوط پاکستان اسلام کی پہچان ہے ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی اسکائوٹ کمشنر محمد صدیق میمن نے پاکستان بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سندھ بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ہفتہ قائد کی تقریبات کے آغاز کے سلسلے میں قائد اعظم ہائوس میں منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں پی آئی اے کے صوبائی کمشنر محمد شعیب ، رینجرز کے ونگ کمانڈر کرنل شاہد میجر عنایت درانی ، ڈپٹی چیف کمشنر عابد علی شاہ ، نیشنل سیکریٹری زاہد محبوب ، انٹر نیشنل کمشنر عبد المنان، صوبائی سیکریٹری اختر میر سمیت دیگر صوبوں کے عہدیداران ، اسکائوٹس اور لیڈرز نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بچوں کو آج کے دن کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا اور پاکستان کے پہلے چیف اسکائوٹ قائد اعظم محمد علی جناح کی بحیثیت چیف اسکائوٹ تقریب حلف برداری کی یاد میں اسکائوٹ وعدہ پڑھ کر تجدید عہد کیا گیا اور قائد اعظم کا پیغام اسکائوٹس کے نام پڑھ کر سنایا گیا ۔

بعد ازاں اسکائوٹس نے گورنر ہائوس کا دورہ کیا اور وہاں بھی تجدید عہد کیا ۔ اس موقع پر ملٹری سیکریٹری ٹو گورنر برگیڈئیر عقیل نے اسکائوٹس کو خوش آمدید کہا اور گورنر ہائوس کا دورہ کیا ۔ اسکائوٹس نے قائد اعظم کی جائے پیدائش وزیر مینشن ، اسٹیٹ بینک ، حبیب بینک اور قائد کی درس گاہ سندھ مدرستہ الا سلام کا بھی دورہ کیا ۔ بعد ازاں پرائیوٹ انسٹی ٹیوشنز ڈسٹرکٹ بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے صوبائی ہیڈ کوارٹر ز کے آڈیٹوریم میں اسکائوٹس کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا اور انہیں تحائف پیش کئے گئے جس کے مہمان خصوصی ڈی جی پرائیوٹ انسٹی ٹیوشنز ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی تھے ۔

بعد ازاں اسکائوٹس نے پی اے ایف میوزیم کا دورہ کیا اور پی آئی اے بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے عشائیہ میں شرکت کی ۔ جمعہ کو اسکائوٹس موہٹہ پیلس ، مزار عبد اللہ شاہ غازی ، مزار قائد کا دورہ کریں گے جس کے بعد ساحلی علاقے سینڈز پٹ پر روز ایجوکیشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں شرکت کریں گے ۔اس تقریب کے مہمان خصوصی سینئر ڈپٹی کمشنر حافظ طارق ہوں گے ۔