پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس،بورڈ کواے ٹی آر طیارہ حادثے کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیاگیا

جمعرات 22 دسمبر 2016 21:28

لاہور۔22 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء)پی آئی اے کارپوریشن لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 8 واں اجلاس کراچی میں منعقد ہوا۔بورڈ کواے ٹی آر طیارہ کے ناگہانی حادثے کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیاگیا۔ بورڈ کو ائر لائن کی جانب سے سوگوار خاندانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بورڈ ممبران نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے اس سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ جلاس کو بتایا گیا کہ سیفٹی انوسٹی گیشن بورڈ اس کی تحقیقات کر رہا ہے اور پی آئی اے کی جانب سے اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔ بورڈ کو بتایا گیا کہ پی آئی اے کی جانب سے ابتدائی طور پر 5 لاکھ روپے کی امداد بہت سارے مسافروں کے لواحقین کو پہنچا دی گئی ہے اور یہ عمل قانونی کاروائیوں کے مکمل ہوتے ہی تما م ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

بورڈ نے حادثے کا شکار ہونے والے ان چھ فیملی ممبران کی اکلوتی بچ جانے والی 14 سالہ حسینہ گل کی فلاح و بہبود میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر ضرورت ہوئی تو پی آئی اے اس کی تعلیم ، رہائش اور میڈیکل اخراجات بخوشی برداشت کرے گی۔ بورڈ نے پی آئی اے کی جانب سے تمام طیاروں کی تفصیلی جانچ پڑتال پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ حفاظتی معیار کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں۔ ایئر لائن کی آپریشن کی صورتحال اورمنافع بخشی کے معاملات کے بارے میں بھی بحث کی گئی۔