ہائیکورٹ نے احتجاجی ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کیلئے دائر درخواست پر سیکرٹری صحت پنجاب کو نوٹس جاری کر دیئے

جمعرات 22 دسمبر 2016 21:26

لاہور۔22 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے احتجاجی ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کے لیے دائر درخواست پر سیکرٹری صحت پنجاب کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں جبکہ سی سی پی او اور سی ٹی او سے بھی جواب مانگ لیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹرجسٹس شجاعت علی خان نے مقامی وکیل سید نجف عباس شاہ کی درخواست پر سماعت کی۔ فاضل عدالت نے سی ٹی او کا جواب مسترد کر دیا اور آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ینگ ڈاکٹرز کے ایک گروہ نے لاہور کے ہسپتالوں اور سڑکوں کو مفلوج کر دیا۔ درخواست گزار وکیل کے مطابق تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث ایمرجنسی اور آوٹ ڈور سروسز بند ہیں۔ وکیل نے یہ نکتہ بھی اٹھایا کہ قانون کے تحت ڈاکٹرز کسی بھی صورت سروسز بند نہیں کر سکتے۔ درخواست گزار نے نشاندہی کی کہ ایمرجنسی سروس بند ہونے کی وجہ اب تک لاہور میں تین ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں۔ سڑکوں پر ڈاکٹرز کے احتجاج نے عوام کو شدید اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ درخواستگزار نے استدعا کی ہے کہ حکومت کو ہڑتالی ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کرنے اور آئی جی پولیس پنجاب کو مقدمات درج کرنے کا حکم دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :