ہائیکورٹ نے عدالتوں میں موسم گرما اور سرما کی تعطیلات کی منسوخی کیلئے دائردرخواست پر تمام بار ایسوسی ایشنز کو نوٹس جاری کر دیئے

جمعرات 22 دسمبر 2016 21:26

لاہور۔22 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتوں میں موسم گرما اور سرما کی تعطیلات کی منسوخی کیلئے دائردرخواست پر تمام بار ایسوسی ایشنز کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں.۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس سیدمنصور علی شاہ نے لائیرز فاؤنڈیشن کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار تنظیم کے وکیل اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ موسم گرما اور سرما کی سالانہ تعطیلات انصاف کی فوری فراہمی میں رکاوٹ ہیں۔

عدالتی چھٹیوں کی وجہ سے سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وکیل نے نشاندہی کی کہ عدالتوں میں پہلے ہی مقدمات کی ایک بہت بڑی تعداد زیر التوا ہے۔عدالتی چھٹیوں کے سبب زیر التواء مقدمات کی تعداد میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ وکیل نے استدعا کی کہ انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے موسم گرما اور سرما کی تعطیلات کو ختم کر دیا جائے۔ درخواست پر مزید کارروائی جنوری کے دوسرے ہفتے میں ہوگی۔

متعلقہ عنوان :