حزب اختلاف کی جانب سے عوام کو یہ باور کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ اگر نواز شریف اقتدار سے الگ ہو جائیں گے تو ملک اور عوام کے تمام مسائل خود بہ خود حل ہوجائیں گے

پاکستان پیپلز پارٹی ( شہید بھٹو ) کی چیئرپرسن محترمہ غنویٰ بھٹو کا بیان

جمعرات 22 دسمبر 2016 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی ( شہید بھٹو ) کی چیئرپرسن محترمہ غنویٰ بھٹونے حکومت اور حزب اختلاف کی جانب سے پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ کے باہر عوام کے تمام مسائل و مصائب کو بالائے طاق رکھتے ہوئے صرف پناما لیکس کے مسئلے پر سیاست کرنے کے عمل کو عوام دشمنی اور نان اشوز کے ذریعے موجودہ سامراجی نظام کو دوام بخشنے کی ناکام کوششوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے سترکلفٹن سے جاری ہونے والے ایک بیان میں محترمہ غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کی جانب سے عوام کو یہ باور کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ اگر نواز شریف اقتدار سے الگ ہو جائیں گے تو ملک اور عوام کے تمام مسائل خود بہ خود حل ہوجائیں گے ،جبکہ حکومت اپنی تمام تر توانائیاں اور وسائل عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے نواز شریف اور ان کے خاندان کو بچانے کیلئے صرف کر رہی ہے جوایک عوام دشمن عمل ہے جس کے ذریعے موجودہ فرسودہ طبقاتی ظالمانہ نظام کو بچانے اور ایک دوسرے کو موقعہ فراہم کرنے کی سیاست کی جا رہی ہے، جبکہ عوامی مسائل پر نہ تو حکومت سنجیدہ ہے اور نہ ہی حزب اختلاف عوامی مسائل کو ایوانوں میں موضوع بحث بنانا چاہتی ہے محترمہ غنویٰ بھٹو نے الیکٹرانک میڈیا کے کردار پربھی تنقید کرتے ہو ئے مزید کہا کہ بعض میڈیا کے ادارے دو ماہ سے بھی زیادہ عرصہ گذر جانے کے باوجود عوامی مسائل اور ملکی بحرانوں کو نذر انداز کرتے ہوئے پاناما لیک کومسلسل اپنے ٹاک شوز کی زینت بنائے ہوئے ہیں جس سے ان کی ایجنڈا کا اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ ان کو حقیقی عوامی اشوز سے کتنی دلچسپی ہے محترمہ غنویٰ بھٹو نے عوام پر زور دیا ہے کہ انہیں اپنے حقوق کی جنگ خودلڑنی ہوگی جس کیلئے ایک منظم نظریاتی جدوجہد کی ضرورت ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ عوام اٹھ کھڑے ہوں اور اپنے ووٹ کے ذریعے عوام دوست قیادت کا انتخاب کریں، تاکہ ماضی کی طرح ان کے ساتھ دھوکا دہی نہ کی جاسکے۔