قائداعظم نے ہمیں وہ ملک دیا جہاں ہم پر امن اور خوشحال زندگی گزار رہے ہیں، قائداعظم کے جذبے کو دوبارہ اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے آزاد ریاست کی صورت میں قوم کو عظیم تحفہ دیا

بانی پاکستان کے یوم پیدائش کے موقع پر ہفتہ تقریبات کا مقصد تحریک آزادی کے جذبے کی بحالی ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں قائد اعظمؒ کے تصور کے مطابق پاکستان کو جدید جمہوری ریاست بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کررہی ہیں،ملک میں جمہوری ادوار میں تیزی سے ترقی ہوئی وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا ’’قائد اعظم محمد علی جناحؒ بحیثیت پارلیمنٹیرین ‘‘کے موضوع پر سیمینار سے خطاب

جمعرات 22 دسمبر 2016 21:09

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء) وزیر مملکت اطلاعات ، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ قائداعظم نے ہمیں وہ ملک دیا جہاں ہم پر امن اور خوشحال زندگی گزار رہے ہیں، قائداعظم کے جذبے کو دوبارہ اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے آزاد ریاست کی صورت میں قوم کو عظیم تحفہ دیا، بانی پاکستان کے یوم پیدائش کے موقع پر ہفتہ تقریبات کا مقصد تحریک آزادی کے جذبے کی بحالی ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں قائد اعظمؒ کے تصور کے مطابق پاکستان کو جدید جمہوری ریاست بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کررہی ہیں،ملک میں جمہوری ادوار میں تیزی سے ترقی ہوئی۔

جمعرات کو یہاں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمنٹری سٹڈیز میں ’’قائد اعظم محمد علی جناحؒ بحیثیت پارلیمنٹیرین ‘‘کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے 25 دسمبر کو پاکستان کے ہر گھر میں قائد اعظم کی سالگرہ کی تقریب کا کیک کاٹنے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے یوم پیدائش کے موقع پر ہفتہ تقریبات کا مقصد نوجوان نسل کو برصغیر کے عظیم رہنما کی تعلیمات،جدوجہد اورمسلمانوں کیلئے ان کے مثالی عزم سے آگاہ کرنا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ قائد کی سالگرہ کے موقع پر ہمیں اپنے اس عزم کی تجدید کرنا ہو گی کہ ہم میں سے ہر ایک پاکستانی اور ایک آزاد ملک کانمائندہ ہے اور ان کے افکار اور خیالات پر عمل کریں گے۔ وزیر مملکت نے کہاکہ شہری وزارت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ کی ویب سائٹ، فیس بک اور ٹوئٹراکائونٹ کے ذریعے لیاقت جمنیزیم میں ہونے والی 25دسمبر کی بڑی تقریب میں شرکت کرسکتے ہیں اور اپنے کیک کاٹنے کی تصویر بھی اپ لوڈ کرسکتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے سیمینار کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ قائد اعظم کی بصیرت اور فکر سے آگاہی کے لئے اہم مواقع پر ان کی تقریروں کا لازمی مطالعہ کریں۔ انہوںنے نوجوان نسل سے کہاکہ وہ جس جگہ بھی کام کررہے ہوں قائد اعظم ؒ کے اصولوں کے مطابق وہاںکے تقدس کا احترام کریں۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ حقیقت یہ ہے کہ ملک میں جمہوری دور میں تیزی سے ترقی ہوئی ، وفاقی اور صوبائی حکومتیں قائد اعظمؒ کے تصور کے مطابق پاکستان کو ایک جدید جمہوری ریاست بنانے کے لئے کردار ادا کررہی ہیں۔

بعد ازاں سوالات کے جواب دیتے ہوئے انہوںنے کہاکہ آگے بڑھنے کے لئے تاریخ کو سمجھنا ضروری ہے کیونکہ تاریخ کو سمجھ کر ہی کچھ سیکھا جا سکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہر منصب کا احترام ہم سب پر فرض ہے اور منصب کا احترام ایسے ہونا چاہئیے جیسے ہم اپنے بزرگوں کا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ وزیر بنیں تو قائداعظم کی سالگرہ قریب تھی اور فیصلہ کیا کہ دوبارہ سے قائداعظم کو تعلیمی اور دیگر اداروں کا جذبہ بنائیں۔وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ 55 یونیورسٹیاں پہلی مرتبہ پارلیمانی سٹڈیز کا کورس پڑھا رہی ہیں ۔اس موقع پر ارکان قومی اسمبلی آسیہ ناصر اور شہر یار آفریدی نے بھی خطاب کیا۔