ہمارے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کوہر میدان میں شکست کا سامنا کرنا پڑا‘ سی پیک کے بعد پاکستان خطے کی معاشی طاقت بن کر ابھرے گااور ہم عزت اور وقار کے ساتھ عالمی برادری کے ساتھ کھڑے ہونگے،وفاقی وزیر دفاع ، پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کی بلدیاتی انتخابات کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعرات 22 دسمبر 2016 21:05

سیالکوٹ۔22 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر دفاع ، پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کے کلین سویپ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو گذشتہ چار سالوں میں ہر میدان میں شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا‘ مخالفین نوشتہ دیوار نہیںپڑھ سکتے ان کی آنکھوں، کانوں اور دلوں پر قفل پڑے ہیں ‘ نوشتہ دیوار پر لکھا ہے کہ اللہ تعالیٰ 2018ء کے الیکشن میں بھی محمد نواز شریف کو فتح سے ہمکنار کریگا۔

خواجہ محمد آصف نے قوم کو سرپرائز دینے کا دعویٰ کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ وہ سرپرائز دینے والے خود سرپرائزڈ ہیں۔ انہوں نے کسی کو کیا سرپرائز دینا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کے دور دراز علاقوں میں لوڈشیڈنگ پر ہونے والے احتجاج کو میڈیا کوریج دیتا ہے اوریہ احتجاج ہماری سر آنکھوں پرہے لیکن گذشتہ حکومت میں 14,14گھنٹے بجلی جانے کے مقابلے میں ان چار سالوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی مد میں مسلم لیگ ن کے خدمت کے سفر کی کامیابی کے ساتھ میڈیا انصاف نہیں کررہا اور ان کوجائز کوریج نہیں دے رہا۔

خواجہ محمد آصف نے کہاکہ اقتصادی راہداری کا منصوبہ معاشی خود مختاری اور خود انحصاری کا منصوبہ ہے جس کی اہمیت کو بعض لوگ سمجھ نہیں پا رہے ۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک کے مد میں ملک میں 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چینی کمپنی یہ قرضہ لیکر پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس میگا پراجیکٹ میں روس، ایران، افغانستان اور وسط ایشیا کی تمام ریاستیں آنا چاہتی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ سی پیک کا دروازہ محمد نواز شریف نے کھولا ہے ۔ 2018ء تک اس منصوبے کے معاشی اثرات کا خاکہ نظر آنا شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ معاشی مسائل کی وجہ سے ہمیں اغیار کی جانب دیکھنا پڑتا ہے اور کبھی ہمارے جہاز بند کردیئے جاتے ہیں اور کبھی ہمارے سامنے مطالبات کا ڈھیر لگا دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک کے بعد پاکستان خطے کی معاشی طاقت بن کر ابھرے گااور ہم عزت اور وقار کے ساتھ عالمی برادری کے ساتھ کھڑے ہونگے ۔